غیر یقینی سیاسی صورتحال ملکی معیشت پر منفی اثرات ڈال رہی ہے، اسٹیٹ بینک
پاکستان کی معیشت بنیادی رکاوٹوں سے دوچار ہے، میکرو اکنامک اشاریوں میں کچھ بہتری کے باوجود غیر یقینی سیاسی صورتحال کے سبب ان رکاؤٹوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ اسٹیٹ بینک نے منگل کو مالی سال 2024میں شرح نمو 2 سے 3 فیصد رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
مرکزی بینک نے اپنی ششماہی رپورٹ میں کہا ہے کہ گزشتہ سال سے حقیقی معاشی سرگرمیوں میں معمولی بحالی ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق غیر یقینی سیاسی صورتحال معاشی پالیسیوں، کمزور گورننس اور پبلک ایڈمنسٹریشن میں عدم مطابقت کے سبب صورتحال کو سنگین بنادیتی ہے۔
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے طویل مدتی پروگرام پر آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت سے قبل پاکستان کے بارے میں اپنی اسٹاف رپورٹ میں گزشتہ ہفتے کہا کہ معیشت کے لیے منفی خطرات غیر معمولی طور پر زیادہ ہیں۔
آئی ایم ایف نے مزید کہا کہ سیاسی پیچیدگیاں اور بنیادی اشیا خریدنے پر زیادہ لاگت پالیسی پر اثرانداز ہوسکتی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ کم بیرونی فنانسنگ کے ساتھ پالیسی پر عملدرآمد کیلئے ناکافی اقدامات قرض کی پائیداری کے لیے مشکلات مزید بڑھا سکتی ہے جبکہ شرح مبادلہ پر بھی دباؤ ڈال سکتی ہے۔
مرکزی بینک نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ سیاسی غیر یقینی صورتحال پالیسی میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ساختی مسائل کی وجہ سے پیدا ہونے والے سب سے اہم چیلنجوں میں سے ایک بلند اور مسلسل افراط زر ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غیر یقینی صورتحال کے باوجود مہنگائی کم رہنے کی توقع ہے۔
رواں سال کنزیومرپرائس انفلیشن گزشتہ سال کے مقابلے میں اپریل 17.3 فیصد تک کم ہو گئی جو تقریباً دو سالوں میں سب سے کم شرح ہے۔
ساختی چیلنجز برقرار ہیں۔
اسٹیٹ بینک نے اس بات پر زور دیا کہ پالیسی اور ساختی چیلنجز کو ناگزیر اقدامات کے طور پر حل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اشیا کی قیمتوں میں آہستہ آہستہ کمی کے ایک طویل مدتی رحجان کو قائم کرنے اور پائیدار بنیادوں پر کم اور مستحکم افراط زر کے حصول کے لیے ایک سازگار ماحول پیدا کیا جا سکے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بڑے مسائل میں محدود بچت، طبعی اور انسانی سرمائے میں کم سرمایہ کاری، پست پیداواری صلاحیت، جمود کا شکار برآمدات، ٹیکس دہندگان کی کم تعداد اور سرکاری شعبوں کے اداروں میں نا اہلیاں شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال 2024 کے پہلے نصف میں نیشنل کنزیومر پرائس انڈیکس انفلیشن 28.8 فیصد رہی جو کہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران 25 فیصد تھی۔
رپورٹ کے مطابق اسی دوران اسٹیٹ بینک افراط زر کی توقعات کے بارے میں پیش گوئیاں جاری رکھے گا اور جب بھی ضرورت ہوگی سپلائی کے مضمرات کے دوسرے دور کے اثرات کو قابو میں رکھے گا، مزید مالی استحکام اور غیر یقینی صورتحال میں کمی ضروری ہے تاکہ مالی سال 25 کے آخر تک پانچ سے سات فیصد کے درمیانی مدت کے ہدف کو حاصل کیا جا سکے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غیر مالیاتی ذرائع سے پیدا ہونے والے افراط زر کے دباؤ کی شدید اور پے در پے نوعیت کے پیش نظر پالیسی اور ساختی چیلنجوں کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں مجموعی طور پر افراط زر کے اعداد و شمار حالیہ مہینوں میں کم ہوئے ہیں۔ یہ اعداد وشمار جنوری 2024 میں 28.3 فیصد تھے جو کہ اپریل میں 17.3 فیصد رہے تاہم آنے والے مہینوں میں اس میں مزید کمی کی توقع ہے۔
مرکزی بینک نے کہا کہ اس کی سخت مانیٹری پالیسی، جسے سماجی مالیاتی استحکام، عالمی اجناس کی قیمتوں میں کمی سے مدد ملی، اور مقامی طور پر فصلوں کی پیدوار میں بہتری کی بدولت نیشنل کنزیومرپرائس انفلیشن مئی 2023 میں 38 فیصد دسمبر 2023 میں 29.7 فیصد تک کم ہوگئی جبکہ بنیادی افراط زر بھی بتدریج کم ہونا شروع ہوگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مہنگائی کی مختلف وجوہات کے تعین کی اہمیت کے باوجود مانیٹری پالیسی کا کردار اہم ہے کیونکہ ترسیلات زر اور افراط زر کی پیش گوئیوں کا بھی مہنگائی میں اہم کردار ہوتا ہے.
رپورٹ کے مطابق پالیسی کی شرح میں ایڈجسٹمنٹ کا حجم اور اس کے نتیجے میں ہونے والے معاشی اخراجات کو پائیدار پالیسی اور ساختی چیلنجوں سے نمٹنے کے ذریعے کافی حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔
مالی سال 24 کی پہلی ششماہی کے دوران حقیقی جی ڈی پی میں 1. 7 فیصد کا اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال 2024 کی پہلی ششماہی کے دوران حقیقی جی ڈی پی میں 1.7 اضافہ ہوا جبکہ جبکہ گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں 1.6 فیصد اور دوسری ششماہی میں 1.9 فیصد کمی واقع ہوئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2024 کی پہلی ششماہی میں بہتر پالیسی اور سہولیات کی بروقت دستیابی کی بدولت شرح نمو بڑھی جس میں زراعت کا مرکزی کردار رہا جبکہ موافق موسمی حالات کی بدولت کپاس اور چاول کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا۔ان عوامل نے کسانوں کو گندم کے زیر کاشت رقبہ بڑھانے کی بھی ترغیب دی۔
اسٹیٹ بینک نے کہا کہ زرعی شعبے میں بحالی نے کچھ زرعی صنعتوں کو سہارا دیا۔ اس کے علاوہ درآمدی ترجیحی اقدامات سے دستبرداری کے نتیجے میں صنعت کے لیے خام مال کی دستیابی میں بہتری آئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے یہ مالی سال 2023 کی پہلی ششماہی کے دوران لارج مینوفیکچرنگ اسکیل میں کافی حدتک کم سکڑاؤ ظاہر کرتا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ (ایس بی اے) کی منظوری سے جزوی طور پر بیرونی قرض لینے کی رکاوٹوں میں نرمی ہوئی، جس کے نتیجے میں مالی سال 2024 کے دوران مالیاتی رقوم میں اضافہ ہوا۔
اس کے علاوہ مالی سال کی پہلی ششماہی کے مقابلے میں کم طے شدہ بیرونی قرضوں کی ادائیگی اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں نمایاں کمی کی بدولت اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں اضافہ ہوا۔


Comments
Comments are closed.