چینی انجینئرز کی ہلاکت ،منصوبہ افغانستان میں بنا،ڈی جی آئی ایس پی آر
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل احمد شریف کا کہنا ہے کہ مارچ میں خیبر پختونخوا میں ہونے والے چینی انجینئرز پر حملے میں افغانستان سے آپریٹ کرنے والے دہشت گرد ملوث تھے۔
ان خیالات کا اظہار ڈی جی آئی ایس پی آر نے راولپنڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے پریس کانفرنس کے آغاز میں افغانستان کے ساتھ کشیدگی اور اس کی سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردوں کے حملوں کا ذکر کیا ۔
انہوں نے کہا کہ ہر کوئی جانتا ہے کہ پاکستان نے خطے اور خاص طور پر افغانستان میں امن کے لیے اپنی پوری کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کے لیے پاکستان کا کردار انتہائی اہم رہا ہے۔ تاہم ڈی جی آئی ایس پی آر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی امن کی کوششوں کے باوجود اس کے سیکیورٹی اہلکار اور ورکرز شہید ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی فوجیوں،کارکنوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو بڑی تعداد میں شہید کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس بات کے ٹھوس شواہد موجود ہیں کہ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دہشت گرد اب بھی پاکستان میں حملے کرنے کے لیے افغان سرزمین استعمال کر رہے ہیں۔ آرمی چیف نے واضح موقف اختیار کیا ہے کہ پاکستان کو افغانستان میں کالعدم تنظیموں کے ٹھکانوں پر تحفظات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے نیٹ ورکس کے خاتمے اور اپنے شہریوں کو ہر قیمت پر تحفظ فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہم دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو کچلنے کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی تمام تر کوششوں اور ریاستی سطح پر افغان عبوری حکومت کواس کی نشاندہی کرنے کے باوجود ٹی ٹی پی کے دہشت گرد پاکستان کے اندر مسلسل دہشت گردی کی کارروائیاں کر رہے ہیں اور افغانستان ان دہشت گردوں کے خلاف اپنا کردار ادا کرنے میں ناکام رہا ہے۔
غیر قانونی افغانوں کی وطن واپسی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ حکومت پاکستان نے ملک کے وسیع تر فائدے کے لیے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 5 لاکھ 63 ہزار 639 غیر قانونی افغان شہریوں کو ان کے ملکوں کو واپس بھیجا جا چکا ہے تاہم اب بھی لاکھوں افراد پاکستان میں رہ رہے ہیں۔
’9 مئی کوئی پوشیدہ واقعہ نہیں‘
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ عوام اور مسلح افواج نے 9 مئی کے واقعات دیکھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سب نے دیکھا کہ کس طرح لوگوں کی برین واشنگ کی گئی۔ پہلی بات تو یہ ہے کہ 9 مئی صرف پاک فوج کا معاملہ نہیں بلکہ پورے ملک کا معاملہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسی تجاویز ہیں کہ عدالتی کمیشن تشکیل دیا جائے۔
ایک عدالتی کمیشن تشکیل دیں اور واقعے کی تہہ تک جائیں۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث افراد کو آئین پاکستان کے مطابق جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے ساتھ مذاکرات کے امکانات پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان بات چیت ہونی چاہیے اور فوج کا اس میں شامل ہونا مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اگر کوئی سیاسی ذہنیت اپنے ہی ملک کی فوج پر حملہ کرتی ہے اور قوم کے شہیدوں کی توہین کرتی ہے تو “ان کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہوسکتی “۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ایسے سیاسی انتشار پسندوں کی واپسی کا ایک ہی راستہ ہے کہ وہ قوم کے سامنے معافی مانگیں۔

Comments
Comments are closed.