سرمایہ کاری مذاکرات: اعلیٰ سعودی تجارتی وفد آج پاکستان پہنچے گا
حکومت پاکستان کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے سعودی عرب کا ایک تجارتی اور سرکاری وفد بزنس ٹو بزنس میٹنگز کیلئے آج پاکستان پہنچے گا۔
بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ تجارتی معاہدوں اور پاکستانی تاجروں کے ساتھ مشترکہ منصوبوں میں سرمایہ کاری کے لیے بات چیت پر توجہ دی جائے گی۔

بیان کے مطابق معیشت کے مختلف شعبوں میں بات چیت طے ہے جس میں حکومت اور سعودی تاجروں کے درمیان جبکہ دونوں ممالک میں حکومتی سطح پر بھی معاہدوں پر پیشرفت متوقع ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی ٹی، توانائی، اور زراعت جیسے اہم شعبے دونوں ممالک کے تاجروں کے درمیان مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔
مختلف اقتصادی چیلنجز جیسے کہ بیرونی کھاتوں کا قرضہ اور کم غیر ملکی سرمایہ کاری کے پیش نظر اسلام آباد نے دوطرفہ شراکت داروں بشمول خلیج تعاون کونسل اور بالخصوص سعودی عرب کے ساتھ اپنی مصروفیات بڑھادی ہیں اور انہیں کان کنی اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت جمعہ کو پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری اور منصوبوں کی پیش رفت کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے ساتھ ساتھ سعودی عرب کے تجارتی وفد کی اسلام آباد آمد اور شعبوں میں متوقع سرمایہ کاری کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔
مزید برآں وزیراعظم نے اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب کے دوران پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہر قسم کے تعاون کی پیشکش پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم کے مطابق انہیں امید ہے کہ پاکستانی تاجروں اور سعودی وفد کے درمیان ہونے والی ملاقاتیں نتیجہ خیز ثابت ہوں گی۔
سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان آل سعود نے گزشتہ ماہ اپنے دورہ پاکستان میں کہا تھا کہ ”رکاوٹوں“ پر قابو پا کر سرمایہ کاری بڑھانے کا بہترین موقع ہے جو پہلے ہی زیر غور ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ سرمایہ کاری کی سطح بڑھانے کا امکان ہے جس کی منصوبہ بندی پہلے سے ہی کی گئی ہے۔


Comments
Comments are closed.