وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے اور معیشت کی بہتری کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معیشت اور صنعت دونوں مثبت پیش رفت دکھا رہے ہیں اور بین الاقوامی میگزین وزیر اعظم شہباز شریف کی حکومت کی کارکردگی کے بارے میں مثبت تجزیے پیش کر رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا معروف عالمی مالیاتی جریدے بلومبرگ نے پاکستان میں مہنگائی میں کمی کے حوالے سے پیشن گوئی کی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطلا تارڑ نے کہا کہ گیلپ سروے کے مطابق سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے مقامی سرمایہ کاری میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن سی پیک کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں، کیونکہ وہ ہمارے ملک کی ترقی نہیں دیکھ سکتے۔ چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے معاملے کو زیادہ سنجیدگی سے لیا جارہا ہے اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کو مالیاتی اداروں سے بات کرنے اور معاشی اصلاحات لانے کا اچھا تجربہ تھا،گزشتہ 16 ماہ کی حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا اور پاکستانی روپے کو مستحکم کیا اور یہی وجہ ہے کہ عبوری حکومت میں بھی روپیہ مستحکم رہا۔
روپے کے استحکام سے ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں مدد ملی اور اسٹاک ایکسچینج کے حوالے سے بھی مثبت خبریں آرہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ تمام مثبت خبریں ظاہر کر رہی ہیں کہ ملک میں کاروباری اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ ریاست مخالف عناصر اپنے منفی ایجنڈے پر ڈٹے ہوئے ہیں،داسو میں چینی انجینئرز پر حملے کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے داسو کا دورہ کرکے چینی انجینئرز سے ملاقات کی ور اس واقعہ پر دکھ کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر برائے سمندر پار پاکستانی چوہدری سالک حسین ایک خصوصی پرواز کے ذریعے دہشت گردی کے حملے میں ہلاک پانچ چینی اہلکاروں کی میتیں لے چین کے شہر ووہان گئے اور حکام کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ پاک چین دوستی کو اہمیت دی ہے۔ اس واقعے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف چینی سفارت خانے گئے اور چینی سفیر سے ملاقات کی۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل میں چینیوں کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا، وزیر اعظم شہباز شریف چینی منصوبوں اور چینیوں سے متعلق سیکیورٹی امور کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں ایک موثر نظام وضع کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ان تمام لوگوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانیں قربان کیں، ہماری مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں اور کسی کو امن کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
پی بی اے، اے پی این ایس، سی پی این ای کے نمائندوں سے ملاقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میڈیا انڈسٹری کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ میڈیا ورکرز اور رپورٹرز کے واجبات عید الفطر سے قبل ادا کر دیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق آئندہ دو روز میں زیر التواء واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
دورہ سعودی عرب کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کے وفد سمیت اہل خانہ اور کابینہ کے ارکان کمرشل فلائٹ سے سعودی عرب روانہ ہوں گے اور وفد کے تمام ارکان اپنے اخراجات خود برداشت کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ ان کے علاوہ وفد میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر اقتصادیات احد خان چیمہ شامل ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس دورے سے متعلق مثبت خبریں آئیں گی۔ دورہ کے دوران عمرہ کی ادائیگی کے علاوہ خصوصی ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔


Comments
Comments are closed.