ہائیکورٹ ججز کا خط: پی بی سی کا سپریم کورٹ کے ججز پر مشتمل کمیشن بنانے کا مطالبہ
پاکستان بار کونسل (پی بی سی) نے اسلام آباد ہائی کورٹ (آئی ایچ سی) کے ججوں کے الزامات کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ کے موجودہ ججوں پر مشتمل جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز کے خط کے معاملے پرپاکستان بار کونسل کےوائس چیئرمین ریاضت علی سحر کی زیرصدارت ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہواجس میں پاکستان بار نے سپریم کورٹ کے حاضر سروس ججز پر مشتمل کمیشن بنانے مطالبہ کر دیا۔
اجلاس میں عدالتی امور میں انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مداخلت کے حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 معزز ججز کے خط پر غور کیا گیا۔
کسی بھی بیرونی مداخلت سے پاک ایک غیر جانبدارانہ تحقیقات بہت ضروری ہے جس کے لیے سپریم کورٹ کی جانب سے موجودہ ججز پر مشتمل جوڈیشل کمیشن کی تشکیل وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اجلاس میں سپریم کورٹ ازخود نوٹس کا جلد فیصلہ کرنے کا مطالبہ کیاگیا۔
کونسل نے قرار دیا کہ ججز کو ہماری قوم میں سب سے زیادہ عزت دی جاتی ہے۔ ججز مقدمات کا فیصلہ کرنے کی اہم ذمے داری نبھاتے ہیں۔وہ ہمارے قانونی نظام کی بنیاد ہیں جو آزادی اور غیر جانبداری کو مدنظر رکھ کر سیاسی یا بیرونی دباؤ سے آزاد انصاف فراہم کرتے ہیں ۔
پاکستان بار کونسل کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے استعفے کا مطالبہ اور ان کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم کا مطالبہ غیر ضروری ہے۔ مطالبہ ان لوگوں کے ہاتھ مضبوط کرنے کے مترادف ہے جو عدلیہ میں تقسیم چاہتے ہیں۔ ان کے استعفے کا مطالبہ نہ صرف عدلیہ کو کمزور کرے گا بلکہ موجودہ مسائل کو حل کرنے میں بھی ناکام ہوگا۔جب جج تحریری خط کے ذریعے تشویش کا اظہار کرتے ہیں تو یہ پاکستان کے عدالتی نظام کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔
بار کونسل نے کہا کہ ججوں نے خود ہی یہ خدشات اٹھائے ہیں، لہٰذا سچائی کو ظاہر کرنے کے لیے کسی بیرونی مداخلت سے پاک اور غیر جانبدارانہ تحقیقات بہت ضروری ہے۔


Comments
Comments are closed.