ملک کے 20 پسماندہ اضلاع کی ترقی کیلئے پیکیج تیار کرلیا گیا ۔
باخبر ذرائع نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ وزارت منصوبہ بندی وترقی ملک بھر کے 20 پسماندہ اضلاع کو متبادل توانائی فراہم کرے گی۔
وزارت منصوبہ بندی و ترقی کے مطابق، حکومت پاکستان ملک بھر میں منصفانہ اور متوازن سماجی اقتصادی ترقی کے حصول کیلئے پر عزم ہے، خاص طور پر پسماندہ علاقوں کی ترقی پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ملک کے باقی حصوں کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔
اس مقصد کے حصول کے لیے حکومت نے پسماندہ اضلاع کے لیے خصوصی ترقیاتی اقدام شروع کیا ہے جس مین ملک بھر کے 20 کم ترقی یافتہ اضلاع کوچناگیا ہے، جن کی شناخت اعلی کثیر جہتی غربت انڈیکس (ایم پی ۤآئی) کی بنیاد پرکیا گیاہے۔
یہ اضلاع تمام صوبوں میں واقع ہیں۔ان میں بلوچستان کے 11اضلاع، صوبہ سندھ کے 5اضلاع ، خیبرپختونخوا کے 3 اضلاع اور پنجاب کا ایک ضلع شامل ہے۔ ان میں صوبہ بلوچستان کے اضلاع میں کوہلو، شیرانی، جھل مگسی، برکھان، قلعہ سیف اللہ، ژوب، موسیٰ خیل، ڈیرہ بگٹی، جعفرآباد، زیارت اور قلعہ عبداللہ شامل ہیں۔ سندھ کے اضلاع میں بدین، سجاول، ٹھٹہ، تھرپارکر، کشمور، صوبہ خیبرپختونخوا کے اضلاع میں تورغور، شانگلہ اور شمالی وزیرستان جبکہ صوبہ پنجاب کا ضلع راجن پور شامل ہیں
پروجیکٹ میں مختلف شعبوں جیسے کہ فزیکل اور ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی، پیداواری شعبے ، سماجی ترقی اور سماجی تحفظ میں مداخلت کو مربوط کیا گیا ہے۔ان مداخلتوں میں براڈ بینڈ خدمات تک بنیادی ڈھانچے کی ترقی تک رسائی، ویلیو چین میں اضافہ، مہارت کی ترقی اور تعلیم شامل ہیں۔
وزارت منصوبہ بندی نے پاور پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ کمپنی (پی پی ایم سی) اور عالمی بینک سے مشاورت کے بعد وزارت توانائی سے درخواست کی ہے کہ وہ اپریل سے قبل ان شناخت شدہ اضلاع میں بجلی سے محروم آبادی کی نشاندہی ، لاگت ودیگر معملومات فراہم کریں ۔


Comments
Comments are closed.