اداریہ

پنجاب میں پانی کے کم ہوتے ذخائر

  • پانی کی قلت اور زیرِ زمین پانی کے ذخائر میں کمی کے باعث زرعی پیداوار کو خطرات لاحق ہوتے جارہے ہیں
شائع اپ ڈیٹ

پنجاب کے آبی وسائل کے بارے میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت (ایف اے او) کی تشخیص میں سامنے آنے والے تشویش ناک انکشافات کو اب بالآخر صوبائی حکومت کو اس بحران سے نمٹنے پر مجبور کردینا چاہیے، جو برسوں کی پالیسی جمود کے باعث مزید سنگین ہوچکا ہے۔

2012 سے 2017 کے آبی وسائل کے اعداد و شمار کی بنیاد پر تیار کی گئی رپورٹ کے مطابق، تمام شعبوں میں پانی کی طلب اس کی دستیابی سے زیادہ ہے، جبکہ زیرِ زمین پانی کے ذخائر میں سالانہ تقریباً 5.5 ارب مکعب میٹر کی کمی ہورہی ہے اور سطحی آبی وسائل بھی بڑھتے ہوئے دباؤ کا شکار ہیں۔ اس طلب اور رسد کے فرق کو ختم کرنے اور زیرِ زمین پانی کے ذخیرے کو برقرار رکھنے کے لیے پنجاب کو ہر سال مزید 10 ارب مکعب میٹر قابلِ استعمال پانی درکار ہے۔

ایسا نہ کرنے کے نتائج نہ صرف صوبے کی زرعی پیداوار بلکہ قومی معیشت کے لیے بھی خطرہ ہیں، کیونکہ دونوں شعبوں میں پنجاب کا مرکزی کردار ہے۔

جیسا کہ رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے، پانی کی قلت اور زیرِ زمین پانی کے ذخائر میں کمی کے باعث زرعی پیداوار کو خطرات لاحق ہوتے جارہے ہیں۔ میٹھے پانی کی کمی نے دوبارہ استعمال کیے جانے والے کم معیار کے پانی پر انحصار بڑھا دیا ہے، جبکہ زرعی کیمیائی مادوں سے آلودگی اور شہری علاقوں کے غیر صاف شدہ گندے پانی نے بھی آبی وسائل کے معیار کو مزید خراب کردیا ہے۔ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی نے پاکستان کی آبی سلامتی کو درپیش خطرات میں ایک اور پہلو کا اضافہ کردیا ہے۔

اگرچہ بیرونی دباؤ کو یکطرفہ طور پر قابو کرنا ممکن نہیں، لیکن اپنے ملکی آبی وسائل کی بدانتظامی کو یقینی طور پر روکا جاسکتا ہے۔ اسی لیے ایف اے او کی جانب سے صوبائی واٹر کمیشن قائم کرنے کی سفارش بروقت ہے۔ تاہم ایک اور ادارے کا قیام اس وقت تک بے فائدہ رہے گا جب تک اسے واضح اختیارات، تکنیکی صلاحیت اور پالیسی میں تبدیلی لانے کا اختیار حاصل نہ ہو۔

رپورٹ کی سفارش کے مطابق، اس کمیشن کو پانی کی دستیابی اور استعمال کا جامع جائزہ لینا چاہیے، صوبائی محکموں کی باہم جڑی ہوئی ذمہ داریوں میں ہم آہنگی پیدا کرنی چاہیے، پانی کے حساب کتاب کا قابلِ اعتماد نظام وضع کرنا چاہیے اور پانی کے تحفظ کے لیے ایسے اہداف مقرر کرنے چاہییں جن پر عمل درآمد یقینی بنایا جاسکے۔ اسے مختلف موسموں کے درمیان پانی کی منتقلی کے طریقہ کار بھی وضع کرنے، زیرِ زمین پانی کے ذخائر کو دوبارہ بھرنے کے اقدامات بہتر بنانے اور سطحی آبی وسائل میں اضافے کے امکانات کا جائزہ لینے کی ذمہ داری بھی سونپی جانی چاہیے۔

سب سے بڑھ کر، کمیشن کو اس بنیادی مسئلے سے نمٹنا ہوگا جسے مسلسل نظرانداز کیا جارہا ہے، یعنی پنجاب کا سیلابی آبپاشی کے طریقہ کار پر گہرا انحصار۔ یہ بات ناقابلِ دفاع ہے کہ پانی کی شدید قلت سے دوچار زرعی نظام اب بھی زیادہ تر ایسے طریقہ آبپاشی پر انحصار کررہا ہے جس میں کھیتوں کو پانی سے بھر دیا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں پانی کی بڑی مقدار بخارات بننے، زمین میں رسنے اور غیر مؤثر طریقے سے استعمال ہونے کے باعث ضائع ہوجاتی ہے۔

ڈرپ اور اسپرنکلر آبپاشی کے نظام کے ذریعے پانی براہِ راست پودوں کی جڑوں تک یا کنٹرول شدہ مقدار میں پہنچایا جاسکتا ہے، جس سے پانی کا ضیاع نمایاں طور پر کم ہونے کے ساتھ زرعی پیداوار میں بھی بہتری آتی ہے۔ تاہم ان جدید طریقوں کو وسیع پیمانے پر اپنانے کی راہ میں بار بار ادارہ جاتی جمود اور ایسے بااثر مفادات حائل رہے ہیں جو موجودہ نظام کو برقرار رکھنے سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ سبسڈیز، زرعی معاونتی پروگراموں اور سرکاری سرمایہ کاری کا رخ جدید آبپاشی ٹیکنالوجیز کی جانب موڑنا ہوگا، جبکہ کسانوں کو اس تبدیلی کے لیے سستے قرضے، تکنیکی معاونت اور مراعات فراہم کرنا ہوں گی۔

ایک طرف پانی کی ہنگامی قلت سے خبردار کرنا اور دوسری طرف غیر مؤثر طریقہ ہائے آبپاشی کو سبسڈی جاری رکھنا ایسا تضاد ہے جسے حکومت کسی صورت برداشت کرنے کی متحمل نہیں ہوسکتی۔

اسی قدر فوری ضرورت اس پانی کے ذخائر دوبارہ بھرنے کی بھی ہے جو مسلسل نکالا جارہا ہے۔ زیرِ زمین پانی نکالنے کے عمل کی نگرانی اور اسے منظم کرنا ضروری ہے، خصوصاً ان علاقوں میں جہاں اس کے ذخائر خطرناک حد تک کم ہوچکے ہیں۔ اس کے ساتھ مصنوعی طریقے سے پانی زمین میں جذب کرنے والے ڈھانچے، ری چارج کنویں، چھوٹے بند اور بحال شدہ قدرتی دلدلی علاقے صوبائی آبی منصوبہ بندی کا لازمی حصہ بننے چاہییں۔ 2010 کے بعد کئی تباہ کن سیلابوں کے باوجود یکے بعد دیگرے آنے والی حکومتیں اضافی سیلابی پانی کے قابلِ ذکر حصے کو جمع اور ذخیرہ کرنے کا مناسب نظام تیار کرنے میں ناکام رہی ہیں۔

سیلابی پانی کو جمع کرنا، زیرِ زمین آبی ذخائر کو منظم انداز میں دوبارہ بھرنا اور چھوٹے پیمانے پر پانی ذخیرہ کرنے کا بنیادی ڈھانچہ تیار کرنا اس تباہ کن اضافی پانی کے کم از کم کچھ حصے کو ایک اسٹریٹجک وسیلے میں تبدیل کرسکتا ہے۔ شہری علاقوں میں بارش کے پانی کو جمع کرنا، گندے پانی کو صاف کرکے دوبارہ استعمال کرنا، اہم نہروں اور آبی گزرگاہوں کو پختہ کرنا اور ترسیلی نظام میں پانی کے رساؤ کو کم کرنا بھی پانی کے تحفظ کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہونا چاہیے۔

پنجاب صرف مزید پانی حاصل کرنے کی کوشش کرکے اس بحران سے نہیں نکل سکتا۔ اسے سب سے پہلے اپنے دستیاب پانی کا ضیاع روکنا ہوگا۔ ایف اے او کی رپورٹ نے شواہد فراہم کرنے کے ساتھ اصلاحات کے لیے ایک سمت بھی متعین کردی ہے۔ تاہم جس چیز کی واضح کمی ہے وہ سیاسی عزم ہے، جو زرعی شعبے میں رائج پرانے طریقہ ہائے کار کو چیلنج کرنے اور پانی کے مؤثر استعمال کو حکومتی ترجیحات میں شامل کرنے کے لیے درکار ہے۔

تاخیر کا ہر گزرتا سال زیرِ زمین پانی کے ذخائر میں کمی کو مزید گہرا، کسانوں پر دباؤ کو زیادہ اور غذائی تحفظ کے مستقبل کو مزید غیر یقینی بناتا جائے گا۔ پنجاب مزید بے عملی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026