کاروبار اور معیشت

پیٹرولیم قیمتوں میں بار بار کمی، خیبر پختونخوا کے پمپ مالکان کا احتجاج

  • پٹرول پمپ مالکان آخر کب تک یہ نقصان برداشت کرتے رہیں گے، نجیب اللہ
شائع اپ ڈیٹ

خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں پٹرول پمپ مالکان نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار کمی پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ اس احتجاج کے باعث متعدد پٹرول پمپوں نے ایندھن کی فروخت معطل کردی جس کے نتیجے میں مختلف شاہراہوں پر واقع پمپوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

پیٹرولیم سیلرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نجیب اللہ نے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کے باعث پٹرول پمپ مالکان کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پمپ مالکان مروجہ نرخوں پر پیٹرولیم مصنوعات خریدتے ہیں، تاہم بعد ازاں قیمتوں میں کمی کردی جاتی ہے، بعض اوقات یہ کمی رات کے وقت بھی کی جاتی ہے جس کے نتیجے میں انہیں لاکھوں روپے کے بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ پٹرول پمپ مالکان آخر کب تک یہ نقصان برداشت کرتے رہیں گے؟ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو پیٹرولیم قیمتوں سے متعلق فیصلے کرنے سے پہلے فروخت کنندگان کی تنظیم کو اعتماد میں لینا چاہیے۔

ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل کے بجائے ماہانہ بنیاد پر یا کم از کم ہفتے میں ایک بار نظرثانی کی جائے۔

نجیب اللہ نے کہا کہ قیمتوں کے تعین کا ایک قابلِ پیش گوئی نظام پٹرول پمپ مالکان کو اچانک مالی نقصان سے بچانے اور ایندھن کی فراہمی میں تعطل روکنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مشاورت کے بغیر قیمتوں میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری رہا تو پیٹرول کی فراہمی کا بحران مزید شدت اختیار کرسکتا ہے۔

دوسری جانب پشاور اور دیگر اضلاع میں متعدد پٹرول پمپوں پر فروخت معطل ہونے سے گاڑی چلانے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ مختلف شاہراہوں اور راستوں پر واقع پٹرول پمپوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں دیکھی گئی ہیں۔

پشاور میں بڑی شاہراہوں پر واقع بعض پٹرول پمپوں کی انتظامیہ نے مبینہ طور پر ایندھن کی فراہمی معطل کرنے کی وجہ جاری تعمیراتی کام یا تکنیکی مسائل کو قرار دیا ہے۔

تاہم ان وضاحتوں کے بعد یہ سوالات اٹھ رہے ہیں کہ آیا پٹرول پمپ مالکان نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فروخت معطل کرنے پر ممکنہ قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے یہ وجوہات بیان کی ہیں۔