لاہور پر اسموگ کے سائے، فصلوں کی باقیات جلانے سے روکنے کے لیے پاکستان کا نیا انسدادِ آلودگی اسکواڈ متحرک
- فصلوں کی باقیات جلانے کے خلاف پنجاب میں 750 اہلکاروں پر مشتمل فورس متحرک، خلاف ورزی پر جرمانے اور قید کی سزائیں؛ شہری اسموگ کے باعث صحت کے مسائل سے دوچار
جنوبی ایشیا کے وسیع علاقوں پر ایک بار پھر اسموگ چھانے کے ساتھ ہی پاکستانی حکام نے فصلوں کی باقیات جلانے کے غیر قانونی عمل کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ وسیع کردیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ عمل خطے میں ہر سال پیدا ہونے والے آلودگی کے بحران کو مزید سنگین بنا رہا ہے۔
جمعرات کے روز ایک نئے فوری ردعمل دینے والے یونٹ کے اہلکار لاہور کے مضافات میں دھان کے ایک کھیت کے قریب اپنی گاڑیوں سے اترے۔
فصل کی باقیات سے اٹھتا دھواں کھیت پر پھیلا ہوا تھا، تاہم ٹیم نے چند ہی منٹوں میں آگ پر قابو پالیا اور اسے شہر پر چھائی دھند میں مزید اضافے سے روک دیا۔ سوئس ادارے آئی کیو ایئر نے رواں ہفتے کے اوائل میں لاہور کی فضائی آلودگی کو ’’انتہائی مضرِ صحت‘‘ قرار دیا تھا۔
خطے کے کسان عموماً اکتوبر میں دھان کی فصل کی کٹائی کے بعد کھیتوں میں بچ جانے والی باقیات کو آگ لگا دیتے ہیں، جس سے صنعتی اخراج، گاڑیوں کے دھوئیں اور تعمیراتی سرگرمیوں سے اٹھنے والی گردوغبار کا زہریلا امتزاج جنم لیتا ہے۔ سردیوں میں ٹھنڈی ہوا کے باعث یہ آلودگی فضا میں ٹھہری رہتی ہے اور اس کی سطح خطرناک حد تک بڑھ جاتی ہے۔
حکام کے مطابق یہ یونٹ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا ادارہ ہے جو خصوصی طور پر آلودگی کے خلاف کارروائیوں کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ یہ پنجاب حکومت کی اس مہم کے نمایاں ترین اقدامات میں سے ایک ہے جس کے بارے میں صوبائی حکام کا دعویٰ ہے کہ اس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔
سیٹلائٹ سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق بھارت اور پاکستان میں سال کے اس مرحلے تک فصلوں کی جتنی زمین جلائی گئی ہے، اس کا رقبہ تاریخی اوسط سے کم ہے، تاہم پاکستان کے بہت سے شہریوں کا کہنا ہے کہ انہیں فضائی آلودگی میں بہتری محسوس نہیں ہورہی۔
ترغیب اور سختی پر مبنی حکمتِ عملی
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے محکمہ تحفظِ ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی کی سربراہ سلوّت سعید نے بتایا کہ حکومت نے رواں سال چاول کی کاشت والے بڑے اضلاع میں 67 فوری ردعمل دینے والے یونٹس پر مشتمل 750 اہلکاروں کی فورس تشکیل دی ہے۔
ان ٹیموں کا ہدف کھیتوں میں آگ لگنے کی اطلاع ملنے کے 10 سے 15 منٹ کے اندر جائے وقوعہ پر پہنچنا ہے۔ فورس کے ڈپٹی ڈائریکٹر اشفاق حسین کے مطابق اہلکار دھان کے کھیتوں میں آگ لگانے کے واقعات کی نشاندہی کے لیے گشت بھی کرتے ہیں، جبکہ مقامی سطح پر شکایات درج کرانے کی سہولت بھی موجود ہے۔
انہوں نے کہا، ’’ہمیں مختلف ذرائع سے شکایات موصول ہوتی ہیں اور ہم کم سے کم وقت میں ان پر کارروائی کرتے ہیں۔‘‘
محکمے کے مطابق رواں ہفتے کے دوران صرف 24 گھنٹوں میں اسے پنجاب بھر سے کھیتوں میں آگ لگنے کی 679 اطلاعات موصول ہوئیں، جن میں سے 650 مقامات پر آگ بجھا دی گئی۔
خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے، گرفتاری یا دونوں سزاؤں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ محکمہ زراعت پنجاب کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد فاروق کے مطابق فصلوں کی باقیات جلانے والے کسانوں پر فی ایکڑ 15 ہزار پاکستانی روپے (54 ڈالر) جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔
جرمانہ ادا نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے اور انہیں زیادہ سے زیادہ چھ ماہ قید کی سزا ہوسکتی ہے۔
حکومت نے 10 ہزار سے زائد سبسڈائزڈ سپر سیڈرز بھی تقسیم کیے ہیں، جن کی لاگت کا 60 فیصد حکومت جبکہ باقی 40 فیصد کسان ادا کرتے ہیں۔
صحت کا بحران بدستور برقرار
50 ایکڑ اراضی پر کاشت کاری کرنے والے محمد اسماعیل نے بتایا کہ فصلوں کی باقیات جلانے کے بجائے سبسڈی پر ملنے والی سپر سیڈر مشین اور دیگر زرعی آلات استعمال کرنے سے ان کی فی ایکڑ گندم کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
تاہم اس طریقے کو اپنانے کا رجحان ابھی عام نہیں ہوسکا۔ ایک اور مقامی کسان سلیم عباس، جنہوں نے فصلوں کی باقیات جلانے کا عمل ترک کردیا ہے، کا کہنا ہے کہ بہت سے کسان اب بھی اسے ترجیح دیتے ہیں کیونکہ اگلی فصل کی کاشت کے لیے کھیت صاف کرنے کا یہ سب سے سستا اور تیز ترین طریقہ سمجھا جاتا ہے۔
گزشتہ چند برسوں کے دوران پاکستان اور بھارت ایک دوسرے پر فضائی آلودگی میں اضافے کا الزام عائد کرتے رہے ہیں۔ سلوّت سعید نے کہا کہ دونوں ممالک کے لیے یہ ایک بہت بڑا چیلنج ہے اور پاکستان نے بین الاقوامی فورمز پر بھارتی حکام کے ساتھ بھی یہ معاملہ اٹھایا ہے۔
بھارت کی وزارت خارجہ نے تبصرے کے لیے بھیجی گئی درخواست کا جواب نہیں دیا۔
گزشتہ چند روز کے دوران لاہور کے مقامی اسپتالوں میں مریضوں کا رش رہا اور وہ بنچوں اور راہداریوں میں بیٹھے نظر آئے۔ پنجاب کے محکمہ تحفظِ ماحولیات کے ڈائریکٹر جنرل عبداللہ نیئر نے بتایا کہ محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ماہ اسموگ سے متعلق گلے کی تکالیف کے باعث اسپتالوں میں داخل ہونے والے مریضوں کی تعداد اکتوبر 2025ء کے مقابلے میں صرف 69 فیصد رہی۔
تاہم لاہور کے سر گنگا رام اسپتال میں دل کے مریض احمد ابوبکر، جن کی بائی پاس سرجری ہوچکی ہے اور وہ ذیابیطس کے مرض میں بھی مبتلا ہیں، نے بتایا کہ اسموگ کے باعث انہیں سانس لینے میں دشواری اور آنکھوں کے انفیکشن کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
محمد نیاز بٹ، جنہوں نے بتایا کہ ان کی ناک اور گلا بند ہوگیا ہے، نے دوٹوک انداز میں کہا: ’’لوگ فصلوں کی باقیات جلا رہے ہیں اور اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی۔‘‘