پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز فاسٹ بولر وسیم اکرم نے 2018 کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کے بیان پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی تجربہ کار بولر گیند پر سینڈ پیپر کے استعمال سے پڑنے والے نشانات کو فوراً پہچان سکتا ہے۔

وسیم اکرم نے ہفتے کو میلبورن سے سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو میں کہا کہ گیند پر قدرتی طور پر گرنے یا زمین سے ٹکرانے کے نشانات اور سینڈ پیپر سے رگڑنے کے نشانات میں واضح فرق ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب گیند کسی بولر کے ہاتھ میں آتی ہے تو وہ اس کی حالت کو اچھی طرح دیکھتا ہے اور اسے فوراً اندازہ ہوجاتا ہے کہ گیند کے ساتھ کچھ غیر معمولی ہوا ہے۔

وسیم اکرم نے کہا کہ بطور بولر میں گیند کو دیکھتے ہی سمجھ جاؤں گا کہ کچھ ٹھیک نہیں ہے۔ چاہے پانچواں اوور ہو، دسواں یا پچاسواں، بولر گیند کا خیال رکھتا ہے اور اس کے ایک حصے کو چمکاتا ہے، لیکن سینڈ پیپر سے لگنے والے خراش کے نشانات عام طور پر ایک بار زمین پر گرنے سے پڑنے والے نشانات سے بالکل مختلف ہوتے ہیں۔

انہوں نے اس فرق کو سمجھانے کے لیے کہا کہ کوئی بھی شخص ایک نسبتاً نئی گیند لے کر اس پر سینڈ پیپر رگڑ کر دیکھ سکتا ہے کہ اس سے کس قسم کے نشانات بنتے ہیں۔

پاکستان کے سابق کپتان نے واضح کیا کہ آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز ان کے قریبی دوست ہیں اور وہ اس معاملے میں کسی کی طرف داری نہیں کر رہے، تاہم گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے حوالے سے ان کا اپنا تجربہ ہے۔

یہ تنازع سابق آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ کی خودنوشت کتاب صبر میں کیے گئے انکشافات کے بعد دوبارہ سامنے آیا ہے۔