✕

ایچ بی ایل پاکستان کا پہلا کمرشل بینک بن گیا جس نے اے کے ڈی سیکیورٹیز لمیٹڈ کے ساتھ شراکت داری کی ہے جس کے تحت صارفین ایچ بی ایل موبائل ایپ کے ذریعے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں ٹریڈنگ اکاؤنٹ فوری طور پر کھول سکیں گے۔ اس اقدام میں سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) اور نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ (این سی سی پی ایل) کا تعاون بھی شامل ہے۔

ایچ بی ایل موبائل ایپ کے ذریعے صارفین کو بغیر کاغذی کارروائی اور بینک برانچ جائے چند منٹوں میں ٹریڈنگ اکاؤنٹس کھولنے کی سہولت فراہم کرکے ایچ بی ایل نے ڈیجیٹل بینکاری کو کیپیٹل مارکیٹ تک رسائی سے منسلک کردیا ہے۔ یہ اہم پیش رفت پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے منظرنامے کو تبدیل کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔

اس اہم پیش رفت کی تقریب میں ایچ بی ایل کے صدر اور سی ای او محمد ناصر سلیم، اے کے ڈی گروپ کے چیئرمین عقیل کریم ڈھیڈی، اے کے ڈی سیکیورٹیز کی چیئرپرسن حنا ڈھیڈی جنید، این سی سی پی ایل کے سی ای او نوید قاضی سمیت ایچ بی ایل، اے کے ڈی سیکیورٹیز اور این سی سی پی ایل کی اعلیٰ انتظامیہ نے شرکت کی۔