ہزارہ موٹروے پر بس اور ڈمپر میں تصادم، 8 افراد جاں بحق
- ریسکیو آپریشن میں 7 ایمبولینسز اور ایک ریسکیو گاڑی نے حصہ لیا
ایبٹ آباد میں حویلیاں انٹرچینج کے قریب ہزارہ موٹروے پر مسافر کوچ اور ڈمپر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہو گئے۔ حادثے کے بعد شہر کے بڑے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
آج نیوز کے مطابق ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ گلگت سے راولپنڈی جانے والی فیصل موورز کی بس کا ایک ٹائر پھٹنے کے باعث حادثہ پیش آیا۔ ریسکیو حکام نے ابتدائی طور پر 3 افراد کی ہلاکت اور 16 مسافروں کے زخمی ہونے کی اطلاع دی تھی۔
ریسکیو آپریشن میں 7 ایمبولینسز اور ایک ریسکیو گاڑی نے حصہ لیا۔ امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ ابتدائی طور پر جاں بحق ہونے والوں میں گلگت سے تعلق رکھنے والی 2 خواتین اور ایک مرد شامل تھے۔
ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کے مطابق زخمیوں کو ایوب ٹیچنگ اسپتال، ٹائپ ڈی اسپتال حویلیاں اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
زخمیوں کو فوری طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بینظیر شہید اسپتال اور ایوب میڈیکل کمپلیکس میں بھی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر حویلیاں محمد اسامہ نے صبح سویرے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور بعد ازاں ایوب ٹیچنگ اسپتال میں انتظامات کی نگرانی کی۔
جاں بحق افراد کی شناخت اور حادثے کی مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔