اکتوبر میں سیمنٹ کی مقامی فروخت 1.17 فیصد بڑھ گئی
- سیمنٹ کی برآمدی فروخت 3.67 فیصد کمی کے ساتھ 7 لاکھ 68 ہزار 754 ٹن رہیں
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق اکتوبر 2026 کے دوران سیمنٹ کی مقامی فروخت 40 لاکھ 41 ہزار ٹن رہیں جبکہ اکتوبر 2025 میں یہ حجم 39 لاکھ 94 ہزار ٹن تھا، اس طرح مقامی فروخت میں 1.17 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
تاہم اکتوبر 2026 کے دوران سیمنٹ کی برآمدی فروخت 3.67 فیصد کمی کے ساتھ 7 لاکھ 68 ہزار 754 ٹن رہیں جبکہ اکتوبر 2025 میں یہ 7 لاکھ 98 ہزار 19 ٹن تھیں۔ اکتوبر 2026 کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت 48 لاکھ 10 ہزار ٹن رہیں، جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی مہینے میں 47 لاکھ 92 ہزار ٹن سیمنٹ بھیجا گیا تھا۔ اس طرح مجموعی فروخت میں 0.37 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران سیمنٹ کی مجموعی ترسیلات (مقامی فروخت اور برآمدات) 1 کروڑ 79 لاکھ 53 ہزار ٹن رہیں، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 1 کروڑ 74 لاکھ 42 ہزار ٹن ترسیلات کے مقابلے میں 2.93 فیصد زیادہ ہیں۔
رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران سیمنٹ کی مقامی فروخت 1 کروڑ 48 لاکھ 89 ہزار ٹن رہیں، جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ حجم 1 کروڑ 40 لاکھ 55 ہزار ٹن تھا، اس طرح مقامی ترسیلات میں 5.93 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب سیمنٹ کی برآمدی ترسیلات 9.51 فیصد کمی سے 30 لاکھ 64 ہزار ٹن رہ گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 33 لاکھ 87 ہزار ٹن سیمنٹ برآمد کیا گیا تھا۔