✕
مارکٹس

ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مزید بہتر

  • ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 276.71 روپے پر بند
شائع اپ ڈیٹ

انٹربینک مارکیٹ میں منگل کو بھی ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ جاری رہا۔

کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 276.71 روپے پر بند ہوا۔

یاد رہے کہ پیر کو مقامی کرنسی 276.72 روپے پر بند ہوئی تھی۔

عالمی سطح پر منگل کو امریکی ڈالر اور تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا جس کی وجہ امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی پیشرفت کی امیدیں تھیں جبکہ آسٹریلوی ڈالر ریزرو بینک آف آسٹریلیا کے شرحِ سود سے متعلق فیصلے سے قبل مستحکم رہا۔

توانائی کی قیمتوں میں کمی سے افراطِ زر کے خدشات میں کمی آئی جس کے نتیجے میں طویل مدت کے امریکی ٹریژری بانڈز کی شرحِ منافع بھی نیچے آگئی۔

امریکی بینچ مارک 10 سالہ ٹریژری نوٹ پر شرحِ منافع 4.9145 فیصد پر مستحکم رہی جبکہ 30 سالہ بانڈ پر شرحِ منافع بھی 5.2868 فیصد پر برقرار رہی۔ گزشتہ سیشن کے دوران دونوں بانڈز کی شرحِ منافع تقریباً دو ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی تھی۔

ڈالر انڈیکس پیر کو ایک ماہ کی کم ترین سطح پر آنے کے بعد آخری کاروباری سیشن میں معمولی کمی کے ساتھ 101.76 پر ٹریڈ کرتا رہا۔

دریں اثنا اے آئی شعبے سے وابستہ خدشات کے باعث اسٹاک مارکیٹ میں جاری مندی کے جلد ختم ہونے کے آثار دکھائی نہیں دے رہے جس سے سرمایہ کاروں کے خطرہ مول لینے کے رجحان کو نقصان پہنچا اور ڈالر کو کسی حد تک سہارا ملا۔

امریکا میں وسط مدتی انتخابات سے متعلق کشیدگی بھی نمایاں ہے جس کے باعث محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر ڈالر کی طلب کو تقویت مل رہی ہے۔

ڈالر کی کمزوری کے باعث یورو معمولی اضافے کے ساتھ 1.1185 ڈالر پر پہنچ گیا۔

مقامی تعطیل کے باعث جاپانی ین کی قدر میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور یہ فی ڈالر 157.915 پر مستحکم رہا۔