✕
کھیل

ورلڈ کپ 2027 میں پاک بھارت ٹاکرا: 34 ہزار نشستوں کیلئے ریکارڈ 84 لاکھ درخواستیں موصول

  • دونوں روایتی حریفوں کے درمیان مقابلہ 10 اکتوبر 2027 کو جوہانسبرگ کے وانڈرز کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا
شائع اپ ڈیٹ

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈ کپ 2027 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلے کو دیکھنے کے لیے شائقین کا جوش و خروش عروج پر پہنچ گیا ہے جہاں صرف 34 ہزار نشستوں والے اسٹیڈیم کے لیے 84 لاکھ سے زائد ٹکٹ درخواستیں موصول ہوگئی ہیں۔

آئی سی سی کے مطابق آئندہ سال ہونے والے مینز کرکٹ ورلڈ کپ میں بھارت اور پاکستان کے درمیان گروپ مرحلے کے میچ کے لیے ٹکٹوں کی تقریباً 84 لاکھ درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔

دونوں روایتی حریفوں کے درمیان یہ مقابلہ 10 اکتوبر 2027 کو جوہانسبرگ کے وانڈرز کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

اسی 34 ہزار نشستوں کی گنجائش رکھنے والے اسٹیڈیم میں ہونے والے فائنل کے لیے بھی ٹکٹوں کی تقریباً 80 لاکھ درخواستیں موصول ہوئی ہیں جو گروپ مرحلے کے پاک بھارت میچ کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔

جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ کے لیے 193 ممالک سے تقریباً 30 لاکھ شائقین نے قرعہ اندازی کے ذریعے ٹکٹ حاصل کرنے کی درخواستیں جمع کرائی ہیں۔ ٹکٹوں کے لیے درخواست دینے کا یہ مرحلہ 21 نومبر تک کھلا رہے گا۔

14 ٹیموں پر مشتمل اس میگا ایونٹ کے لیے مجموعی طور پر 12 کروڑ سے زائد ٹکٹ درخواستیں موصول ہو چکی ہیں جو 2 اکتوبر سے 21 نومبر تک جاری رہے گا۔