✕
کھیل

جنوبی افریقا سے مایوسی کے باوجود کوچ میکڈونلڈ آسٹریلوی ٹیم کی صلاحیتوں کے معترف

  • مارنس لبوشین سیریز میں 131 رنز اور 21.83 کی اوسط کے ساتھ ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے کا موقع گنوا بیٹھے، میکڈونلڈ کا اعتراف
شائع اپ ڈیٹ

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں 2-1 سے شکست کو توقعات سے کم کارکردگی قرار دیتے ہوئے ٹیم پر ہونے والی شدید تنقید کے باوجود اس کا دفاع کیا ہے۔

نیولینڈز میں تیسرے ٹیسٹ کے آخری روز آسٹریلیا کی ٹیم 288 رنز کے ہدف کے تعاقب میں محض 111 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔ اس شکست کے بعد ٹیم، انتظامیہ اور سلیکشن کمیٹی میں تبدیلیوں کے مطالبات سامنے آئے۔

میکڈونلڈ نے جنوبی افریقا سے وطن واپسی سے قبل کہا کہ آسٹریلیا اب بھی ایک اچھی ٹیم ہے، جس میں کئی باصلاحیت کھلاڑی اور کھیل کے بعض عظیم نام شامل ہیں۔ تاہم مستقبل کے فیصلوں میں نئے کھلاڑیوں کو موقع دینے اور موجودہ کھلاڑیوں کے تجربے کے درمیان توازن ضروری ہے۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا ناقص کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو مسلسل مواقع دے رہا ہے اور عمر رسیدہ ٹیسٹ اسکواڈ کی تبدیلی کے عمل کو مؤثر انداز میں آگے نہیں بڑھا رہا۔ نیولینڈز کی شکست پانچ ٹیسٹ میچز میں آسٹریلیا کی تیسری ناکامی تھی، جس کے نتیجے میں وہ عالمی نمبر ایک کی پوزیشن سے محروم ہوگیا اور مسلسل تیسری بار ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں رسائی کی مہم بھی مشکلات کا شکار ہوگئی۔

آسٹریلیا دسمبر اور جنوری میں نیوزی لینڈ کے خلاف چار ٹیسٹ میچز کی ہوم سیریز کھیلے گا، جس کے بعد اسے بھارت میں پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنی ہے۔

میکڈونلڈ نے تسلیم کیا کہ مارنس لبوشین نے جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں 131 رنز اور 21.83 کی اوسط کے ساتھ ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھنے کا موقع شاید گنوا دیا ہے مگر انہوں نے 32 سالہ بلے باز کے لیے واپسی کے امکانات مکمل طور پر مسترد نہیں کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ لبوشین اب بھی اچھے کرکٹر ہیں اور ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھاتے ہیں لیکن اس دورے پر انہیں ملنے والے موقع سے فائدہ نہیں اٹھا سکے۔

اسٹیو اسمتھ نے ابتدائی دو ٹیسٹ میچز میں 83 رنز بنائے، تاہم گردن کی تکلیف کے باعث تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ سے دستبردار ہوگئے۔ میکڈونلڈ کے مطابق اسمتھ کی ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر اس دورے کا کوئی فوری اثر نہیں پڑا اور ٹیم دسمبر میں پرتھ میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ان کی شرکت کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔