✕
مارکٹس

اسٹیٹ بینک نے ایس ایم ایز کیلئے ڈیجیٹل فنانسنگ پورٹل متعارف کرادیا

  • پورٹل کا مقصد فنانسنگ کے خواہشمند کاروباری اداروں اور مالیاتی اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانا ہے
شائع اپ ڈیٹ

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کو بینکوں اور ترقیاتی مالیاتی اداروں (ڈی ایف آئیز) سے قرضوں کے حصول میں سہولت فراہم کرنے کے لیے ’’ایس ایم ای کنیکٹ‘‘ کے نام سے ایک مرکزی ڈیجیٹل پورٹل متعارف کرادیا ہے۔ یہ اقدام ایس ایم ایز کے لیے سازگار مالیاتی نظام کی تشکیل کی کوششوں کا حصہ ہے۔

اس پورٹل کا مقصد فنانسنگ کے خواہشمند کاروباری اداروں اور مالیاتی اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانا ہے۔ اس کے ذریعے پاکستان بھر میں ایس ایم ایز کے لیے قرضوں تک رسائی آسان بنانے کے ساتھ درخواست دینے کا طریقہ کار بھی سادہ، مؤثر اور شفاف بنایا جائے گا۔

ایس ایم ای کنیکٹ نہ صرف قرض کی درخواست دینے کے عمل کو آسان بنائے گا بلکہ درخواست گزار اپنے کیس کی پیش رفت بھی حقیقی وقت میں دیکھ سکیں گے۔ اسی طرح درخواست مسترد ہونے کی صورت میں انہیں اس کی وجوہات سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔

اس پورٹل کا لائیو ڈیش بورڈ اسٹیٹ بینک کو ایس ایم ای فنانسنگ کی درخواستوں اور ان کی صورتحال سے متعلق مکمل معلومات فراہم کرے گا۔ ڈیش بورڈ پر موصول ہونے والی، زیر کارروائی، منظور شدہ، قرض کی رقم جاری ہونے والی اور مسترد کی جانے والی درخواستوں کے اعداد و شمار حقیقی وقت میں دستیاب ہوں گے۔ یہ معلومات انفرادی بینکوں اور ڈی ایف آئیز کے ساتھ ساتھ مجموعی مالیاتی شعبے کی سطح پر بھی دیکھی جاسکیں گی۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق یکم نومبر 2026 سے ایس ایم ای فنانسنگ کی تمام درخواستیں لازمی طور پر ایس ایم ای کنیکٹ پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جائیں گی، جہاں ضروری تصدیق کے بعد انہیں متعلقہ بینک یا ترقیاتی مالیاتی ادارے کو بھجوا دیا جائے گا۔

قرض کے حصول کے لیے بینکوں اور ڈی ایف آئیز کی برانچوں میں جانے والے درخواست گزاروں کو عملہ ڈیجیٹل پورٹل پر درخواست جمع کرانے میں رہنمائی اور سہولت فراہم کرے گا۔ اسی طرح بینکوں کے اپنے پورٹلز کے ذریعے فنانسنگ کے لیے درخواست دینے والے صارفین کو بھی ایس ایم ای کنیکٹ کی جانب منتقل کیا جائے گا۔

اسٹیٹ بینک نے مزید بتایا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی فنانسنگ سے متعلق احتیاطی ضوابط (پرڈنشل ریگولیشنز) کے ریگولیشن آر 6 کو بھی یکم نومبر 2026 سے واپس لے لیا جائے گا، جس کے تحت بینکوں اور ڈی ایف آئیز کو درخواست گزاروں کے لیے ڈیجیٹل درخواست جمع کرانے کی سہولت فراہم کرنا لازم تھا۔

اسٹیٹ بینک نے بینکوں اور ڈی ایف آئیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی ویب سائٹس اور موبائل ایپس پر ایس ایم ای کنیکٹ کا لنک نمایاں طور پر فراہم کریں اور مختلف تشہیری ذرائع سے کاروباری اداروں میں اس پورٹل کے بارے میں آگاہی پیدا کریں۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق ایس ایم ای کنیکٹ کا اجرا مالیاتی شمولیت کے فروغ، کاروباری سرگرمیوں کی معاونت اور جامع معاشی ترقی کے لیے ایس ایم ای فنانسنگ کے نظام کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026