✕
پاکستان

پاکستان اور سعودی عرب کا زراعت، معدنیات میں سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال

  • وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقمی کے درمیان ملاقات
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان اور سعودی عرب نے زراعت اور معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا ہے، کیونکہ دونوں ممالک اقتصادی تعاون کو مزید گہرا کرنے اور دوطرفہ تعلقات کو عملی تجارتی نتائج میں تبدیل کرنے کے خواہاں ہیں۔ وزارت خزانہ نے جمعرات کو بتایا کہ یہ پیش رفت دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

یہ پیش رفت وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقمی کے درمیان ملاقات کے دوران سامنے آئی۔

ملاقات میں وزیر خزانہ نے پاکستان کے لیے سعودی عرب کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

سعودی سفیر نے دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری اداروں کے درمیان براہِ راست روابط کو فروغ دینے سے عوامی سطح پر تعلقات مزید مضبوط ہوسکتے ہیں اور دونوں ممالک کے لیے باہمی فائدے کے اقتصادی مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں۔

دونوں فریقوں نے زراعت، معدنیات، کان کنی اور سرمایہ کاری کی صلاحیت رکھنے والے دیگر شعبوں میں تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے مشترکہ ترجیحات کو عملی نتائج میں تبدیل کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

محمد اورنگزیب نے پاکستان میں مجموعی معاشی استحکام کی بحالی کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کا ذکر کیا۔ انہوں نے زرمبادلہ کے ذخائر اور مہنگائی کی صورت حال میں بہتری کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے حالیہ درجہ بندی میں بہتری کو بھی اجاگر کیا۔

انہوں نے حال ہی میں 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈ کے اجرا کے ذریعے پاکستان کی عالمی سرمایہ منڈیوں میں واپسی اور چین کی سرمایہ منڈی تک رسائی کا بھی حوالہ دیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے اور پائیدار، سرمایہ کاری پر مبنی ترقی کی حمایت کے لیے حالیہ معاشی کامیابیوں کو آگے بڑھانا اہم ہے۔

ملاقات میں خطے کی موجودہ صورت حال اور جاری تنازع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر امن، استحکام اور ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے اور خطے کے اقتصادی امکانات کے تحفظ کے لیے مسلسل تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

گفتگو میں پاکستان کے اسٹریٹجک جغرافیائی محل وقوع اور علاقائی تجارت و راہداری کے مرکز کے طور پر اس کی صلاحیت کو بھی اجاگر کیا گیا، جو رابطوں کو فروغ دینے اور وسیع تر اقتصادی تعاون کے مواقع پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔

ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب نے اپنی اسٹریٹجک شراکت داری مضبوط بنانے اور تجارت و سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔