ون ڈے سہ ملکی سیریز : پاکستان کا انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ، رضا اللہ کا ڈیبیو
- شاہین آفریدی کی ٹیم میں شاداب خان کی بھی واپسی
پاکستان نے اتوار کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ون ڈے انٹرنیشنل سہ ملکی سیریز کے میچ میں ٹاس جیت کر انگلینڈ کے خلاف پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
ٹاس کے موقع پر کپتان شاہین آفریدی نے بتایا کہ آل راؤنڈر رضا اللہ ون ڈے انٹرنیشنل میں ڈیبیو کر رہے ہیں، جبکہ شاداب خان کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
دونوں کھلاڑی نسیم شاہ اور فہیم اشرف کی جگہ ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں۔ نسیم شاہ وارم اَپ کے دوران انگلی کی ہڈی اپنی جگہ سے ہٹنے کے باعث میچ سے باہر ہوگئے، جبکہ فہیم اشرف کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی بریسٹ کینسر سے آگاہی مہم کی حمایت میں پاکستانی کھلاڑی اس میچ میں گلابی کِٹس پہن کر میدان میں اترے ہیں۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ پاکستان نے اسپن بولنگ کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے شاداب خان کو اضافی اسپنر کے طور پر ٹیم میں شامل کیا ہے۔
انگلینڈ نے بھی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔ ڈیبیو کرنے والے ہنری کروکومب نے جوش ٹنگ کی جگہ لی ہے، جبکہ عادل رشید پلیئنگ الیون میں شامل نہیں ہیں۔
پاکستان سہ ملکی سیریز میں اپنے دونوں میچ جیت چکا ہے اور 31 اکتوبر کو ہونے والے فائنل میں جگہ یقینی بنانے کے لیے اسے ایک اور کامیابی درکار ہے۔ دوسری جانب انگلینڈ اپنے ابتدائی دونوں میچ ہار چکا ہے اور مزید شکست کی صورت میں ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کا خطرہ ہے۔
سہ ملکی سیریز میں سری لنکا بھی شامل ہے، جس نے اپنے دو میں سے ایک میچ میں كامیابی حاصل كی ہے۔
ٹیمیں
پاکستان : شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، فخر زمان، صائم ایوب، بابر اعظم، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، حسن نواز، شاداب خان، ابرار احمد، رضا اللہ، حارث رؤف۔
انگلینڈ: ٹام بینٹن، بین ڈکٹ، جو روٹ، ہیری بروک (کپتان)، جارڈن کاکس (وکٹ کیپر)، سیم کرن، ول جیکس، جیمی اوورٹن، لیام ڈاسن، گس اٹکنسن، ہنری کروکومب۔