کفایت شعاری اقدامات : ریلوے افسران کے فضائی سفر اور سرکاری گاڑیوں کے استعمال پر پابندی
- سرکاری دورے ٹرین کے ذریعے کرنے کی ہدایت، افسران کی چھٹیاں تین ماہ کے لیے منسوخ، ٹرین آپریشنز کی نگرانی سخت کرنے کا فیصلہ
پاکستان ریلوے نے کفایت شعاری کے اقدامات کے تحت ہفتے کو تمام افسران کے فضائی سفر پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کردیا۔
اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق افسران کو فضائی سفر کی مد میں کوئی ادائیگی نہیں کی جائے گی۔
پاکستان ریلوے نے سرکاری گاڑیوں میں سفر کرنے پر بھی پابندی عائد کردی ہے، جبکہ تمام افسران کو سرکاری دوروں کے لیے ریل کے ذریعے سفر کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔ یہ ہدایات تمام چیف ایگزیکٹو افسران اور سینئر جنرل منیجرز کی منظوری سے جاری کی گئی ہیں۔
دریں اثنا وزیر ریلوے حنیف عباسی کی ہدایات پر ٹرینوں کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کے لیے محکمے بھر میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے۔
پاکستان ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ میں تعینات افسران کی تمام چھٹیاں تین ماہ کے لیے منسوخ کردی گئی ہیں، جبکہ انہیں ٹرینوں کی آمدورفت کی نگرانی کے لیے اتوار کو بھی فیلڈ کا دورہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سول اور مکینیکل شعبوں کے چیف انجینئرز اپنے متعلقہ دائرہ کار میں ہونے والی سرگرمیوں سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر وزارت کو رپورٹ پیش کریں گے۔ سربراہِ شعبہ سیفٹی سے بھی روزانہ رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ یہ ہنگامی اقدامات 31 دسمبر تک نافذ العمل رہیں گے۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق حکومت مسافروں کو زیادہ سے زیادہ محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔