رونالڈینو 11 سال بعد مسابقتی فٹبال میں واپسی کے لیے تیار
- رونالڈینو 15 نومبر کو مقامی حریف فورلی کے خلاف میچ کھیلیں گے، سیپریانی
برازیل کے عظیم فٹبالر رونالڈینو اگلے ماہ ایک بار پھر مسابقتی فٹبال میں واپسی کریں گے۔ اٹلی کے تیسرے درجے کے فٹبال کلب ریوینا نے جمعے کو اعلان کیا کہ رونالڈینو 15 نومبر کو مقامی حریف فورلی کے خلاف میچ کھیلیں گے۔
بارسلونا اور اے سی میلان کے سابق فارورڈ رونالڈینو کی عمر 46 سال ہے۔ انہوں نے 2002 میں برازیل کی جانب سے فیفا ورلڈ کپ جیتا تھا جبکہ 2005 میں انہیں بیلن ڈی اور ایوارڈ سے نوازا گیا۔ انہوں نے آخری بار 2015 میں برازیلین کلب فلومینینسی کی جانب سے مسابقتی فٹبال کھیلی تھی اور 2018 میں باضابطہ طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
ریوینا نے جون میں رونالڈینو سے معاہدہ کیا تھا، بعد ازاں انہوں نے کلب میں حصص بھی حاصل کرلیے۔ کلب کی ملکیت ان کے دوست اگنازیو سیپریانی کے پاس ہے۔
سیپریانی نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد پورے شہر کو ٹیم کے مزید قریب لانا ہے۔
رونالڈینو نے اگست میں اٹلی پہنچنے پر میچ کھیلنے کی تصدیق نہیں کی تھی، تاہم انہوں نے اپنے کیریئر کا 300واں گول کرنے کے امکان کو مسترد بھی نہیں کیا تھا۔
رونالڈینو نے اس وقت کہا تھا کہ میں مدد کے لیے یہاں موجود ہوں۔
فورلی کے خلاف یہ مقامی حریفوں کا مقابلہ ریوینا کے اسٹیڈیو برونو بینیلی میں کھیلا جائے گا۔ ریوینا نے 10 میچوں میں 20 پوائنٹس حاصل کیے ہیں اور سیری سی کے گروپ بی میں دوسرے نمبر پر ہے، جبکہ سرفہرست ٹیم اسپیزیا اس سے آٹھ پوائنٹس آگے ہے۔