آرسنل کو ساکا کی انجری کے باعث ایک اور کھلاڑی سے محرومی کا خدشہ
- 25 سالہ ساکا پاس دینے کی کوشش میں گرنے کے بعد بائیں ران پکڑ کر بیٹھ گئے، ان کی جگہ ایبریچی ایزے کو میدان میں اتارا گیا
آرسنل کے منیجر میکل آرٹیٹا نے کہا ہے کہ انہیں بائرن میونخ کے خلاف چیمپئنز لیگ میچ میں بوکایو ساکا کی ران کے پٹھوں میں ہونے والی انجری کی شدت پر تشویش ہے۔ ساکا گزشتہ روز کھیلے گئے میچ کے دسویں منٹ میں زخمی ہو کر میدان سے باہر چلے گئے، جس کے بعد ان کی جگہ ایبریچی ایزے کو میدان میں اتارا گیا۔
25 سالہ ساکا پاس دینے کی کوشش کے دوران گرنے کے بعد بائیں ران پکڑ کر بیٹھ گئے۔ آرٹیٹا نے ٹی این ٹی اسپورٹس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب کسی کھلاڑی کو شدید درد کے باعث میدان چھوڑنا پڑے تو یہ کبھی اچھی خبر نہیں ہوتی۔ ان کے مطابق ساکا کی انجری بظاہر تشویش ناک ہے مگر حتمی صورتحال جاننے کے لیے مزید انتظار کرنا ہوگا۔
ساکا گزشتہ سیزن میں ایڑی کے پٹھے کی تکلیف کے باعث سات میچز نہیں کھیل سکے تھے، جبکہ دسمبر 2024 میں ہیم اسٹرنگ کی سرجری کے بعد تین ماہ سے زائد عرصے تک میدان سے باہر رہے تھے۔
آرسنل کے لیے ایک اور ونگر کی ممکنہ عدم دستیابی بھی پریشانی کا باعث ہے، کیونکہ کرسٹوس ٹزولیس بھی بین الاقوامی ڈیوٹی کے دوران ہیم اسٹرنگ انجری کا شکار ہوچکے ہیں۔