پاکستان میں میکڈونلڈز کی حالیہ اشتہاری مہم کا کیا معاملہ ہے؟
- اگر صارفین کسی عالمی برانڈ کو بڑھتے ہوئے سیاسی تنازعے سے جوڑنے لگیں تو انہیں یہ یاد دلانا ضروری ہے کہ اس برانڈ کے مقامی کاروباری آپریشنز پاکستانی کسانوں اور کارکنوں کی معاونت کرتے ہیں، اس پہلو کو اجاگر کرنے سے صارفین کو کاروبار کو ایک مختلف زاویے سے دیکھنے اور اس کے مقامی معاشی اثرات کو سمجھنے کا متبادل موقع ملتا ہے
میکڈونلڈز کی تازہ ترین تشہیری مہم کے تحت لگائے گئے بڑے بڑے بل بورڈز، جن میں میزبان، اداکار اور اسٹینڈ اپ کامیڈین تابش ہاشمی نمایاں نظر آتے ہیں، یہ بتاتے ہیں کہ فاسٹ فوڈ کا یہ عالمی ادارہ کس طرح مقامی اجزا استعمال کرتا اور پاکستان کی معیشت میں اربوں روپے کا حصہ ڈالتا ہے۔ انہیں دیکھ کر میرے ذہن میں سوال اٹھا کہ آخر اس مہم کے پیچھے کیا کہانی ہے؟
میکڈونلڈز پاکستان اپنی مقامی جڑوں کو نمایاں کرنے کے لیے بھرپور مہم چلا رہا ہے۔ کیا یہ محض پاکستان میں اپنے 28 سال مکمل ہونے کا جشن ہے یا اس کے پیچھے کوئی بڑی وجہ بھی ہے کہ برانڈ صارفین کی توجہ برگر سے آگے لے جانا چاہتا ہے؟ اور کیا اس کا تعلق بائیکاٹ سے بھی ہوسکتا ہے؟
برانڈ چاہتا ہے کہ صارفین ان کسانوں کے بارے میں بھی سوچیں جو اس کے لیے آلو اور تازہ سبزیاں اگاتے ہیں، ان پولٹری اور ڈیری شراکت داروں کو بھی ذہن میں رکھیں جو اسے اجزا فراہم کرتے ہیں اور مقامی کاروباروں کے اس نیٹ ورک کو بھی دیکھیں جو اس کے ریسٹورنٹس کو چلانے میں مدد دیتا ہے۔
یہ ترجیحات میں ایک دلچسپ تبدیلی ہے۔ برگر، فرائز اور ہیپی میلز کی روایتی کشش فروخت کرنے کے بجائے میکڈونلڈز اب ایک وسیع تر کہانی پیش کر رہا ہے کہ اس کے برانڈ سے خریداری پاکستانی کاروباروں، کارکنوں اور مقامی آبادیوں کی معاونت بھی کرتی ہے اور اس مؤقف کے حق میں کمپنی کے پاس اعداد و شمار بھی موجود ہیں۔
معاشی شراکت کو اجاگر کرنے کی کوشش
میکڈونلڈز پاکستان کے شانہ بشانہ مہم کے صفحے پر پیش کردہ آکسفورڈ اکنامکس کی ایک تحقیق کے مطابق کمپنی نے پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں 22.6 ارب روپے کا حصہ ڈالا اور اندازاً 13,900 ملازمتوں کی معاونت کی۔ جولائی 2024 سے جون 2025 کے دوران کمپنی نے پاکستان میں قائم سپلائرز سے 15.1 ارب روپے کی خریداری کی، جو سپلائرز پر اس کے مجموعی اخراجات کا 91 فیصد ہے۔ کمپنی کے مطابق اس نے ٹیکسوں کی مد میں بھی مسلسل 5.9 ارب روپے ادا کیے۔
کمپنی کے مقامی نیٹ ورک میں 55 سپلائرز شامل ہیں، جن میں خوراک فراہم کرنے والے 29 اور غیر غذائی اشیا فراہم کرنے والے 26 شراکت دار ہیں۔
مقامی سطح پر خریداری کا پیغام خاص طور پر اہم ہے۔ میکڈونلڈز واضح کر رہا ہے کہ اس کے فرائز کسی دور دراز عالمی سپلائی چین سے محض تیار حالت میں نہیں پہنچتے، بلکہ پاکستانی زرعی شراکت دار ان میں استعمال ہونے والے آلو اگانے میں مدد دیتے ہیں۔ اس کی مہم میں مقامی طور پر حاصل کی جانے والی تازہ سبزیوں، پولٹری اور ڈیری مصنوعات کو بھی نمایاں کیا گیا ہے۔
تاہم یہاں ایک فرق واضح کرنا ضروری ہے۔ 91 فیصد کا اعداد و شمار پاکستان میں قائم سپلائرز سے کی جانے والی خریداری کے اخراجات سے متعلق ہے، اس کا مطلب یہ نہیں کہ تمام اجزا میں سے 91 فیصد پاکستان میں پیدا ہوتے ہیں۔ اس کے باوجود یہ اعداد و شمار ملکی معیشت میں برانڈ کی شراکت کو ظاہر کرنے کے لیے ایک ٹھوس بنیاد فراہم کرتے ہیں۔
کیا اس مہم کے پیچھے بائیکاٹ کا اثر ہے؟
میکڈونلڈز کو پاکستان اور دیگر مسلم اکثریتی منڈیوں میں بائیکاٹ کی اپیلوں کا سامنا رہا ہے۔ اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) کے اہلکاروں کو میکڈونلڈز کے کھانے فراہم کیے جانے کی تصاویر ایک بڑے تنازعے کا سبب بنیں۔ اس کے بعد عالمی کمپنی کو کئی منڈیوں میں ساکھ کے حوالے سے دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان بھی اس سے مستثنیٰ نہیں تھا۔ 2024 کی ایک خبر میں مارکیٹ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ بائیکاٹ کے باعث صارفین کے بدلتے رجحانات کے درمیان میکڈونلڈز اور دیگر عالمی فاسٹ فوڈ برانڈز کے کاروبار میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔ 2025 کی ایک خبر میں بھی میکڈونلڈز اور کے ایف سی کی فروخت پر ابتدائی دباؤ کا ذکر کیا گیا، جبکہ بعض فرنچائزز کی فروخت میں 40 فیصد تک کمی کی اطلاعات سامنے آئیں۔
یہ شواہد ظاہر کرتے ہیں کہ اس وقت بائیکاٹ کے حقیقی تجارتی اثرات مرتب ہوئے تھے لیکن اس سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ میکڈونلڈز پاکستان کو اس وقت بھی فروخت میں کمی کا سامنا ہے۔ کمپنی نے مقامی سطح پر فروخت کے تازہ اعداد و شمار عوامی طور پر جاری نہیں کیے جن سے یہ طے کیا جاسکے کہ اس کا کاروبار اب بھی متاثر ہو رہا ہے یا نہیں۔
تو کیا نئی مہم صارفین کو دوبارہ اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش ہے؟ یہ ایک قابلِ فہم تشریح ہے۔ اگر صارفین کسی عالمی برانڈ کو بڑھتے ہوئے سیاسی تنازعے سے جوڑنے لگیں تو انہیں یہ یاد دلانا کہ اس کے مقامی کاروباری آپریشنز پاکستانی کسانوں اور کارکنوں کی معاونت کرتے ہیں، کاروبار کو ایک مختلف زاویے سے دیکھنے کا متبادل فراہم کرتا ہے۔
اس سے صارفین کے سامنے ایک اور پہلو بھی آتا ہے کہ برانڈ کا بائیکاٹ صرف فرنچائز چلانے والے ادارے کو ہی متاثر نہیں کرسکتا بلکہ ان مقامی سپلائرز اور ملازمین پر بھی اثرانداز ہوسکتا ہے جن کا روزگار اس کاروبار سے وابستہ ہے۔ اس دلیل سے اخلاقی بحث ختم نہیں ہوتی، لیکن گفتگو کا زاویہ ضرور بدل جاتا ہے۔
اب مقامی اجزا پر زور کیوں دیا جا رہا ہے؟
مقامی سطح پر اشیا کی خریداری کو نمایاں کرنے کا پیغام صارفین کے رجحانات میں وسیع تر تبدیلی کا ردعمل بھی ہوسکتا ہے۔ بائیکاٹ کی مہم نے بعض پاکستانیوں کو سافٹ ڈرنکس سے لے کر فاسٹ فوڈ تک مقامی متبادل تلاش کرنے کی ترغیب دی۔ کسی عالمی فوڈ چین کے لیے اپنی مقامی جڑوں کو نمایاں کرنا اس تاثر کا جواب دینے کا ذریعہ بن سکتا ہے کہ پاکستانی متبادل کا انتخاب لازماً زیادہ حب الوطنی کا تقاضا ہے۔
میکڈونلڈز دراصل یہ مؤقف پیش کر رہا ہے کہ عالمی برانڈ ہونا اور مقامی معیشت میں حصہ ڈالنا ایک دوسرے سے متضاد نہیں۔ اس کے ریسٹورنٹس مقامی سطح پر چلائے جاتے ہیں اور اس کی سپلائی چین میں پاکستانی کاروبار بھی شامل ہیں۔ یہ مہم صارفین سے کہتی ہے کہ وہ ان روابط کو بھی برانڈ کی قدر کا حصہ سمجھیں۔
اس کی ایک سادہ مارکیٹنگ وجہ بھی ہوسکتی ہے۔ پاکستان میں 28 سال مکمل ہونا سپلائرز کی خدمات کو سراہنے اور معاشی شراکت کو اجاگر کرنے کا ایک فطری موقع فراہم کرتا ہے۔ ممکن ہے اس مہم کا مقصد برانڈ کے ساتھ صارفین کی وابستگی مضبوط کرنا، میکڈونلڈز کو حریفوں سے ممتاز کرنا اور صارفین کو یاد دلانا ہو کہ یہ فوڈ چین تقریباً تین دہائیوں سے پاکستانی مارکیٹ کا حصہ ہے۔
یہ تمام وضاحتیں ایک دوسرے سے متضاد نہیں ہیں۔ کوئی مہم حقیقی مقامی شراکت داریوں کا جشن منانے کے ساتھ ساتھ برانڈ کی ساکھ بحال کرنے اور صارفین کو دوبارہ اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش بھی ہوسکتی ہے۔
مقابلہ اب صرف عالمی فوڈ چینز تک محدود نہیں
ایک اور پہلو بھی ہے جسے میکڈونلڈز نظرانداز نہیں کرسکتا۔ پاکستان میں فاسٹ فوڈ کی مارکیٹ اب کہیں زیادہ متنوع ہوچکی ہے، جہاں مقامی برگر کاروبار صارفین کو پرکشش متبادل فراہم کر رہے ہیں۔
مقامی سطح پر قائم فوڈ چینز نے ایسی مارکیٹ تشکیل دینے میں مدد دی ہے جہاں صارفین کے پاس معروف عالمی فرنچائزز کے علاوہ بھی کئی انتخاب موجود ہیں۔ آزادانہ طور پر کام کرنے والے برگر ریسٹورنٹس اور نئی مقامی فوڈ چینز منفرد ذائقوں، بڑی مقدار میں کھانے، مقامی پسند کے مطابق مینیو، مناسب قیمتوں اور ڈیلیوری کی پیشکشوں کے ذریعے مقابلہ کرسکتے ہیں۔
بائیکاٹ کے دوران ہونے والی میڈیا رپورٹنگ میں بھی صارفین کی جانب سے مقامی فوڈ کاروباروں کا رخ کرنے کی نشاندہی کی گئی تھی۔
لیکن اس کا مطلب لازماً یہ نہیں کہ مقامی برانڈز میکڈونلڈز کی جگہ لے رہے ہیں۔ عالمی فوڈ چینز کو اب بھی برانڈ کی پہچان، یکساں معیار، مستحکم سپلائی چین اور تشہیری پیشکشوں جیسے فوائد حاصل ہیں لیکن مقامی حریفوں کی موجودگی صارفین کو نئے تجربات آزمانے کے زیادہ مواقع فراہم کرتی ہے اور میکڈونلڈز نہ جانے کی صورت میں ان کے پاس متبادل بھی موجود ہیں۔
اس صورت حال میں برانڈ کے سامنے ایک مشکل سوال ہے کہ پاکستانی حریف کے مقابلے میں صارفین اسے کیوں ترجیح دیں؟بظاہر اس کا جواب مانوس ذائقے، مصنوعات کے یکساں معیار اور اب ملکی معیشت میں اپنے کردار کو نمایاں کرنے کی کوشش میں پوشیدہ ہے۔
ایک پرانے پسندیدہ برانڈ کی نئی کہانی
اس کے باوجود مہم کا وقت کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔ ممکن ہے بائیکاٹ نے بعض صارفین کی برانڈ سے وابستگی کمزور کردی ہو، جبکہ مقامی فاسٹ فوڈ شعبے کی ترقی نے انہیں مزید متبادل فراہم کردیے ہوں۔ یہ دونوں عوامل میکڈونلڈز کے لیے یہ ثابت کرنا زیادہ اہم بنا سکتے ہیں کہ پاکستان میں اس کی موجودگی کیوں ضروری ہے۔
واضح بات یہ ہے کہ میکڈونلڈز چاہتا ہے کہ صارفین اسے صرف ایک عالمی لوگو کے طور پر نہ دیکھیں بلکہ اس کھانے کے پیچھے موجود پاکستانی کسانوں، سپلائرز، ملازمین اور کاروباروں کو بھی پہچانیں۔
مگریہ حکمت عملی ان صارفین کو واپس لانے میں کتنی کامیاب ہوگی جو سیاسی وجوہات، مقامی متبادل کی بہتر دستیابی یا بدلتے ہوئے ذوق کے باعث اس سے دور ہوچکے ہیں، اس کا فیصلہ ابھی ہونا باقی ہے۔