فرین اور جوشوا کے درمیان مقابلے کے تمام ٹکٹ ایک گھنٹے میں فروخت، شائقین کی طلب میں زبردست اضافہ
- کارڈف میں فرین اور جوشوا کے درمیان بے صبری سے منتظر مقابلے کے تمام 80 ہزار ٹکٹ ریکارڈ ایک گھنٹے میں فروخت ہوگئے، جو برطانوی باکسنگ کے اس بڑے ایونٹ کی غیر معمولی اہمیت اور مقبولیت کا مظہر ہے
برطانوی میڈیا کے مطابق، ٹائیسن فرین اور انتھونی جوشوا کے درمیان طویل انتظار کے بعد ہونے والے ہیوی ویٹ مقابلے کے ٹکٹ جمعے کو فروخت کے لیے پیش کیے جانے کے ایک گھنٹے کے اندر ہی فروخت ہوگئے۔ یہ مقابلہ کارڈف کے پرنسپلٹی اسٹیڈیم میں ہوگا۔
گزشتہ ماہ اعلان کیے جانے والے اس برطانوی مقابلے میں شائقین نے غیر معمولی دلچسپی ظاہر کی ہے، جبکہ اسے برطانوی باکسنگ کی تاریخ کا سب سے بڑا مقابلہ قرار دیا جارہا ہے۔
بی بی سی کے مطابق، جمعے کو دوپہر 12 بجے تقریباً 80 ہزار ٹکٹ فروخت کے لیے پیش کیے گئے، جن کی قیمت بکنگ فیس سمیت 88.50 پاؤنڈ (117 ڈالر) سے لے کر 13 ہزار 128 پاؤنڈ (17 ہزار 357 ڈالر) تک تھی۔
اطلاعات کے مطابق، ٹکٹوں کی فروخت شروع ہونے کے چند ہی منٹ میں پانچ لاکھ سے زائد شائقین آن لائن قطار میں شامل ہوگئے۔
فرین اور جوشوا 11 دسمبر کو ہونے والے باکسنگ مقابلوں کے مرکزی مقابلے میں آمنے سامنے ہوں گے، تاہم دونوں باکسرز کی رنگ میں آمد 12 دسمبر کی شب تقریباً ایک بجے متوقع ہے۔
کارڈف سٹی کونسل میں جمع کرائی گئی درخواست کے مطابق، پرنسپلٹی اسٹیڈیم 12 دسمبر کی صبح ساڑھے تین بجے تک کھلا رہے گا۔
سابق عالمی چیمپئنز کے درمیان یہ مقابلہ نیٹ فلکس پر نشر کیا جائے گا۔ سعودی سرمایہ کار ترکی آل الشیخ نے ابتدا میں اس مقابلے کے نیویارک کے میڈیسن اسکوائر گارڈن میں انعقاد کی امید ظاہر کی تھی۔
یہ مقابلہ سابق عالمی ہیوی ویٹ چیمپئنز کے درمیان پہلی آمنے سامنے فائٹ ہوگی، جس کے ساتھ ہی کئی برسوں سے جاری قیاس آرائیاں ختم ہوجائیں گی۔ بہت سے لوگوں کو خدشہ تھا کہ دونوں باکسرز کے درمیان یہ مقابلہ شاید کبھی نہ ہوسکے۔