ایچی سن کے طلبہ کی قائم کردہ امریکی ایڈٹیک کمپنی کولیجیو نے 53 لاکھ ڈالر سے زائد پری سیریز اے فنڈنگ حاصل کرلی
- کولیجیو اے آئی پر مبنی ایک پلیٹ فارم ہے جو طلبہ، اسکولوں اور کالجز کو آپس میں جوڑتا ہے
ایچی سن کالج کے دو سابق طلباء سنان خواجہ اور سعید نعیم کی طرف سے قائم کردہ ایجوکیشن ٹیکنالوجی اسٹارٹ اپ کولیجیو (Kollegio) نے سرمائے کا ایک نیا راؤنڈ حاصل کرلیا ہے جس سے اس کی پری سیریز اے (Pre-Series A) کی کل فنڈنگ 53 لاکھ ڈالر سے تجاوز کرگئی ہے۔
کولیجیو اے آئی پر مبنی ایک پلیٹ فارم ہے جو طلبہ، اسکولوں اور کالجز کو آپس میں جوڑتا ہے۔ یہ کالج میں داخلے کی درخواستوں کے حوالے سے ذاتی نوعیت کی رہنمائی فراہم کرتا ہے جس میں مضامین پر رائے اور اصلاح بھی شامل ہے۔
نیویارک میں قائم اسٹارٹ اپ نے بتایا کہ اس وقت 3 لاکھ سے زائد طلبہ اس کے پلیٹ فارم کو اپنی تعلیمی اور پیشہ ورانہ زندگی کے راستوں کے انتخاب اور رہنمائی کیلئے استعمال کررہے ہیں جبکہ کمپنی کا ہدف صارفین کی تعداد 10 لاکھ تک پہنچانا ہے۔
کولیجیو کے سی ای او سنان خواجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں کہا کہ جب ہم نے کولیجیو کا آغاز کیا تو ہمارا مقصد ایک ایسے سوال کا جواب تلاش کرنا تھا جو لاکھوں خاندانوں کے لیے ذاتی اہمیت رکھتا ہے: اگر ہر طالب علم کو خواہ اس کا تعلق کسی بھی پس منظر یا علاقے سے ہو کالج میں داخلے کے پورے عمل کے دوران ایک عالمی معیار کا رہنما میسر ہو تو کیا ہوگا؟
انہوں نے مزید کہا کہ آج ہم اس وژن کو وسعت دے رہے ہیں تاکہ کولیجیو کو تعلیم اور کیریئر سے متعلق تمام فیصلوں کے لیے رہنمائی فراہم کرنے والے پلیٹ فارم میں تبدیل کیا جا سکے۔ تیزی سے بدلتی دنیا میں درست انتخاب کرنا کبھی اتنا آسان نہیں تھا۔
اس اسٹارٹ اپ نے اس سے قبل سرمایہ کاروں سے 36 لاکھ ڈالر حاصل کیے تھے، جن میں 28 لاکھ ڈالر کی سیڈ راؤنڈ فنڈنگ بھی شامل تھی۔ اس مرحلے میں ریچ کیپیٹل، جے ایف ایف وینچرز،ای سی ایم سی گروپ اور ٹیوزڈے کیپیٹل نے سرمایہ کاری کی تھی۔
خواجہ نے بتایا کہ اسٹارٹ اپ 30 سے زائد کالج پارٹنرز کے ساتھ کام کررہا ہے تاکہ اداروں کے اگلی نسل سے رابطے کے طریقۂ کار کو ازسرِنو متعارف کرایا جا سکے اور یہ نیٹ ورک تیزی سے وسعت اختیار کررہا ہے۔
سی ای او نے بتایا کہ کولیجیو اپنے پلیٹ فارم کی افادیت پر تحقیق کے لیے لرننگ کولائیڈر کے ساتھ بھی کام کررہا ہے جس کا مقصد ہمیں موصول ہونے والی ہزاروں صارفین کی آراء کو مقداری تحقیق میں تبدیل کرنا ہے۔
نئی فنڈنگ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کولیجیو اپنے ترقی کے اگلے مرحلے کی تیاری کررہا ہے۔ سی ای او نے بتایا کہ کمپنی نیویارک شہر میں دو سینئر عہدوں، جن میں ایک فاؤنڈنگ ڈیزائنر اور ایک ہیڈ آف گروتھ شامل ہیں کے لیے بھرتیاں کر رہی ہے۔
خواجہ نے موجودہ سرمایہ کاروں کا شکریہ ادا کیا جبکہ نئے سرمایہ کاروں کو کولیجیو فیملی کا حصہ بننے پر خوش آمدید کہا۔
دسمبر میں سنان خواجہ اور سعید نعیم کو فوربز 30 انڈر 30 یونائیٹڈ اسٹیٹس 2026 کی فہرست میں تعلیم کے شعبے میں شامل کیا گیا تھا۔