شیخ عمر ریحان کاٹی کے صدر منتخب
- سید فرخ علی قندھاری سینئر نائب صدر اور ناصر شیخ نائب صدر منتخب ہوئے
کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے انتخابات میں شیخ عمر ریحان بلا مقابلہ صدر جبکہ سید فرخ علی قندھاری سینئر نائب صدر اور ناصر شیخ نائب صدر منتخب ہوگئے۔
سید جوہر علی قندھاری کی سربراہی میں سید فرخ مظہر اور شیخ فضل جلیل پر مشتمل انتخابی کمیشن نے نومنتخب عہدیداران اور مجلسِ عاملہ کا اعلان کردیا۔
مجلسِ عاملہ میں زاہد سعید، غضنفر علی خان، ریحان جاوید، فیضان جاوید، سہیل الیاس، سہیل الٰہی، شبیر بلوانی، یاسر گلزار، سید صفوان عاکف حسین، عاطف اقبال، کریم تیلی، سید حسنین مظہر اور محمد شفیع جبکہ خواتین کی مخصوص نشست پر امبر علی بھی بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔
واضح رہے کہ شیخ عمر ریحان اس سے قبل بھی کاٹی کے صدر رہ چکے ہیں۔
انہوں نے پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی وی ایم اے) کے چیئرمین کی حیثیت سے بھی صنعتی شعبے سے متعلق مسائل کے حل کے لیے فعال کردار ادا کیا ہے۔
اس موقع پر نومنتخب صدر شیخ عمر ریحان نے سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویر، ڈپٹی سرپرست اعلیٰ زبیر چھایا، سابق چیئرمینوں اور صدور سمیت ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ صنعت کاروں اور کاروباری برادری کی جانب سے ان پر کیے گئے اعتماد پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔
شیخ عمر ریحان نے کہا کہ ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے صنعتی ترقی ناگزیر ہے۔
انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ کاٹی کی نئی ایگزیکٹو کمیٹی صنعت اور تجارت کے فروغ کے لیے کام کرے گی۔