این تھروپک کے آئی پی او پراسپیکٹس میں اے آئی کے بڑے منصوبے، اخراجات میں تیزی سے اضافہ
- پراسپیکٹس کے مطابق این تھروپک کو 2025 میں 42 ارب ڈالر کا خالص نقصان ہوا
مصنوعی ذہانت کی کمپنی این تھروپک عالمی معیشت میں ایسی بنیادی تبدیلی کی توقع کر رہی ہے جو صنعتی انقلاب، بجلی اور انٹرنیٹ سے بھی زیادہ گہری ہوگی۔ رائٹرز کے مطابق کمپنی کے آئی پی او پراسپیکٹس میں اس حوالے سے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے منصوبوں کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
پراسپیکٹس کے مطابق این تھروپک کو 2025 میں 42 ارب ڈالر کا خالص نقصان ہوا، جبکہ آنے والے برسوں میں کلاؤڈ، کمپیوٹنگ اور انفراسٹرکچر کی مد میں 518 ارب ڈالر خرچ کرنے کی ذمہ داریاں ہیں۔
دستاویزات کے مطابق کمپنی کی آمدنی 2025 میں 12 گنا بڑھ کر تقریباً 4.6 ارب ڈالر ہوگئی، تاہم آپریٹنگ بنیادوں پر نقصان 8 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا۔ کمپنی نے گزشتہ سال کمپیوٹنگ اور انفراسٹرکچر پر 7.33 ارب ڈالر خرچ کیے، جو 2024 کے مقابلے میں تین گنا زیادہ ہے اور اس کے مجموعی 12.65 ارب ڈالر کے آپریٹنگ اخراجات کے نصف سے زیادہ ہے۔
این تھروپک کی مجوزہ عوامی پیشکش کمپنی کی مالیت 2 ٹریلین ڈالر سے زیادہ کرسکتی ہے۔ کمپنی کی متوقع قدر مئی میں لگائے گئے 965 ارب ڈالر کے تخمینے سے دگنی سے بھی زیادہ ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ گزشتہ سال اس کی آمدنی کا تقریباً ایک چوتھائی حصہ صرف دو صارفین سے حاصل ہوا، جبکہ بڑے صارفین میں سے کئی طویل مدتی معاہدوں کے پابند نہیں اور اخراجات کم یا مکمل طور پر بند کرسکتے ہیں۔ 31 دسمبر تک این تھروپک کے پاس نقد، نقد مساوی اثاثے اور قلیل مدتی سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت 20.28 ارب ڈالر تھی۔
این تھروپک کا کہنا ہے کہ خود اس کی تحقیق سے ظاہر ہوا ہے کہ زیادہ خودمختار مصنوعی ذہانت کے ماڈلز غیر متوقع اور ممکنہ طور پر نقصان دہ رویے اختیار کرسکتے ہیں، جن میں کوڈ کو نقصان پہنچانا، فراڈ میں معاونت اور معلومات میں ردوبدل شامل ہے۔
کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ڈاریو اموڈی نے ان خدشات سے نمٹنے کے لیے عالمی اے آئی برادری سے نئی صلاحیتیں متعارف کرانے کی رفتار کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تاہم این تھروپک نے گزشتہ ہفتے اپنا نیا اوپس 5.5 ماڈل بھی متعارف کرایا۔
این تھروپک کا سب سے بڑا حریف اوپن اے آئی ہے۔ دونوں کمپنیاں کاروباری صارفین، ماہر افرادی قوت اور واشنگٹن میں اثرورسوخ کے لیے مسابقت کر رہی ہیں۔ اوپن اے آئی نے جون میں خفیہ طور پر آئی پی او کے لیے درخواست دی تھی اور میڈیا رپورٹس کے مطابق 2027 کے اوائل تک لسٹنگ متوقع ہے۔
این تھروپک کے آئی پی او کی آمد امریکی آئی پی او مارکیٹ کے لیے 2021 کے بعد مضبوط ترین برسوں میں سے ایک کا اختتام ثابت ہوسکتی ہے، تاہم بلند شرح سود، معاشی غیر یقینی اور کمپنیوں کی بلند مالیت کے خدشات بدستور موجود ہیں۔