✕
کھیل

مصنوعی ٹرف کے باعث محمد صلاح جنوبی سوڈان کے خلاف میچ سے باہر

  • مصر کو افتتاحی کوالیفائر میں جمعہ کو انگولا نے بغیر گول کے برابر روک دیا
شائع اپ ڈیٹ

مصر فٹبال ایسوسی ایشن نے بتایا کہ محمد صلاح مصنوعی ٹرف پر میچ کھیلے جانے کے باعث جنوبی سوڈان کے خلاف دوسرے افریقہ کپ آف نیشنز کوالیفائر کے لیے مصری اسکواڈ کے ساتھ سفر نہیں کریں گے۔

مصر کو جمعہ کو قاہرہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے افتتاحی کوالیفائر میں انگولا نے بغیر کسی گول کے برابر روک دیا تھا۔

ترکیہ کے کلب ٹربزونسپور میں حال ہی میں لیورپول سے شامل ہونے والے محمد صلاح نے انگولا کے خلاف میچ میں شرکت کی، تاہم دوسرے ہاف کے دوران کوچ حسام حسن نے انہیں متبادل کھلاڑی کے طور پر میدان سے باہر بلا لیا۔

مصر فٹبال ایسوسی ایشن نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا حسام حسن کی سربراہی میں قومی ٹیم کے ٹیکنیکل اسٹاف نے کھیل کی سطح کے باعث 29 ستمبر کو جنوبی سوڈان کے خلاف میچ میں محمد صلاح کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ای ایف اے نے مزید کہا کہ انگولا کے خلاف میچ سے قبل قومی ٹیم کے ٹیکنیکل اسٹاف اور محمد صلاح کے درمیان اتفاق ہوگیا تھا کہ وہ جنوبی سوڈان کے خلاف میچ نہیں کھیلیں گے، جبکہ کھلاڑی کے تحفظ کے لیے ٹیکنیکل اسٹاف نے بھی یہی طریقہ اختیار کرنے کو ترجیح دی۔

جنوبی سوڈان اور مصر کے درمیان میچ جوبا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں مصنوعی ٹرف موجود ہے۔