✕
کاروبار اور معیشت

سپرنیٹ ٹیکنالوجیز کے بعد از ٹیکس منافع میں تقریباً 5 گنا اضافہ

  • فی حصص آمدنی 1.39 روپے سے بڑھ کر 4.03 روپے ہوگئی
شائع اپ ڈیٹ

سپرنیٹ ٹیکنالوجیز لمیٹڈ (ایف ٹی ایل) نے 30 جون 2026 کو ختم ہونے والے سال کے لیے 46 کروڑ 70 لاکھ روپے کا مجموعی بعد از ٹیکس منافع رپورٹ کیا جبکہ مالی سال 2025 میں یہ منافع 7 کروڑ 80 لاکھ روپے رہا تھا۔

دریں اثنا فی حصص آمدنی 1.39 روپے سے بڑھ کر 4.03 روپے ہوگئی جبکہ مجموعی آمدنی 8 ارب 80 لاکھ روپے رہی جو گزشتہ سال 4 ارب 89 کروڑ 10 لاکھ روپے تھی۔

ایس ٹی ایل نے ایک بیان میں کہا کہ مالی سال 2025 کے تقابلی اعداد و شمار کو یکم جنوری 2025 سے مؤثر ہونے والے انضمام کی عکاسی کرنے کے لیے دوبارہ مرتب کیا گیا ہے اور ان میں اسی تاریخ سے ایس این ایل کے آپریشنز بھی شامل ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ اعدادوشمار پورے مالی سال 2026 کے نتائج کے ساتھ براہِ راست قابلِ تقابل نہیں ہیں لہٰذا رپورٹ کردہ شرحِ نمو کو یکساں بنیاد پر حاصل ہونے والی حقیقی کاروباری نمو نہیں سمجھا جانا چاہیے۔

کمپنی کا مجموعی منافع دوبارہ مرتب کیے گئے مالی سال 2025 کے 89 کروڑ 40 لاکھ روپے کے مقابلے میں بڑھ کر 1 ارب 94 کروڑ روپے ہوگیا جبکہ مجموعی منافع کی شرح 24 فیصد رہی جو گزشتہ سال 18.28 فیصد تھی۔

آپریٹنگ منافع بڑھ کر 84 کروڑ 10 لاکھ روپے ہوگیا جبکہ آپریٹنگ منافع کی شرح 9.68 فیصد سے بہتر ہو کر 10.41 فیصد ہوگئی۔

کمپنی کے بورڈ نے انضمام کے بعد مالی سال 2026 کے لیے STL کا اب تک کا پہلا نقد منافع بھی تجویز کیا ہے جس کے تحت فی حصص 0.25 روپے منافع ادا کیا جائے گا۔ یہ سفارش انضمام کے بعد کمپنی کی مالی پوزیشن مضبوط ہونے کے پیشِ نظر کی گئی ہے۔

مالی سال 2026 کے بعد ایس ٹی ایل نے 10 روپے فی حصص کے حساب سے 91 کروڑ 47 لاکھ 70 ہزار روپے کی رائٹس ایشو مکمل کی جس کے ذریعے ہدف مقرر کردہ پوری رقم حاصل کر لی گئی۔

مستقبل کے حوالے سے انتظامیہ نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات، مسابقتی دباؤ اور ٹیلی کمیونیکیشن و ٹیکنالوجی کے شعبوں کو متاثر کرنے والی غیر یقینی صورتحال کے باعث کاروباری ماحول بدستور مشکل ہے۔