سندھ بینک کے قبل از ٹیکس منافع میں نمایاں اضافہ، 4.05 ارب روپے ہوگیا
- بعد از ٹیکس منافع تقریباً پانچ گنا بڑھ کر 2.41 ارب روپے ریکارڈ
سندھ بینک نے مالی سال 2026 کی پہلی ششماہی میں قبل از ٹیکس منافع 4.05 ارب روپے رپورٹ کیا جو مالی سال 2025 کی پہلی ششماہی کے 1.08 ارب روپے کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔ یہ اضافہ مضبوط مارجنز کے باعث آپریٹنگ منافع میں کئی گنا اضافے اور نتیجتاً نیٹ مارک اپ آمدنی میں نمایاں بہتری کی بدولت ہوا۔
مالی سال 2026 کی پہلی ششماہی کے دوران بعد از ٹیکس منافع تقریباً پانچ گنا بڑھ کر 2.41 ارب روپے ہوگیا جب کہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں یہ 50 کروڑ روپے تھا۔
بینک کی مجموعی ایکویٹی میں 1.22 ارب روپے کا اضافہ ہوا اور 30 جون 2026 کو یہ بڑھ کر 34.77 ارب روپے ہوگئی۔ بینک کا کیپٹل ایڈیکوئیسی ریشو 21.81 فیصد رہا جبکہ کم از کم مطلوبہ شرح 11.50 فیصد تھی۔ اسی طرح 30 جون 2026 کو بینک نے کم از کم سرمایہ 30.12 ارب روپے برقرار رکھا جبکہ مطلوبہ سرمایہ 10 ارب روپے تھا جو بیلنس شیٹ میں توسیع کے لیے بینک کی مضبوط سرمایہ جاتی پوزیشن کی عکاسی کرتا ہے۔
بینک کے ڈپازٹس میں مسلسل اضافہ جاری رہا اور جون 2026 کے اختتام پر یہ نئی بلند ترین سطح 357 ارب روپے تک پہنچ گئے جو گزشتہ بلند ترین سطح 342 ارب روپے سے تجاوز ہے۔
دسمبر 2025 کو ختم ہونے والے سال کے مقابلے میں ڈپازٹس میں 15 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ بینک نے ڈپازٹس کے مکس میں بھی بہتری لانے میں کامیابی حاصل کی خصوصاً نان ریمیونریٹو ڈپازٹس میں نمایاں اضافہ ہوا جس سے منافع میں بھی خاطر خواہ بہتری آئی۔ کسٹمر بیس بڑھانے پر توجہ کے نتیجے میں اکاؤنٹ ہولڈرز کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا اور 197,975 نئے صارفین کے اکاؤنٹس کھولے گئے۔
بینک نے 2026 کی پہلی ششماہی کے دوران نجی شعبے کو تمام شعبوں میں قرضوں کی فراہمی میں 10.8 ارب روپے کا اضافہ کیا جن میں ایس ایم ای فنانس، زرعی قرضے، کارپوریٹ کمرشل کریڈٹ اور صارفین کے لیے فنانس شامل ہیں۔
اس عرصے کے دوران وی آئی ایس کریڈٹ ریٹنگ کمپنی لمیٹڈ نے بینک کی طویل مدتی کریڈٹ ریٹنگ اے اے جبکہ قلیل مدتی کریڈٹ ریٹنگ بلند ترین ممکنہ سطح اے-1 پلس پر برقرار رکھی جبکہ آؤٹ لک مستحکم قرار دیا گیا۔
سندھ بینک نے سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ افیکٹیز کے تحت سیلاب متاثرین کے لیے خدمات اور ہر سال زکوٰۃ کی تقسیم کا سلسلہ جاری رکھا جبکہ اپنی شاخوں اور بوتھ کاؤنٹرز کے ذریعے بے نظیر ہاری کارڈز کی فراہمی بھی جاری رکھی۔