نافسا کا زرعی ادویات شعبے کے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تعارفی اجلاس
نئی قائم ہونے والی نیشنل ایگرو ٹریڈ اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی (نافسا) نے پاکستان کے زرعی ادویات اور ایگرو کیمیکلز کے شعبے سے وابستہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تعارفی اجلاس منعقد کیا۔
اجلاس میں وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق، نافسا کے بورڈ آف گورنرز، پاکستان کراپ پروٹیکشن ایسوسی ایشن، کراپ لائف، زرعی ادویات کے مینوفیکچررز اور درآمد کنندگان، لیبارٹری و تعلیمی اداروں کے نمائندوں اور ترقیاتی شراکت داروں نے شرکت کی۔
نئے قانونی فریم ورک کے تحت نافسا ایکٹ 2026 کے ذریعے زرعی کیڑے مار ادویات آرڈیننس 1971 اور زرعی کیڑے مار ادویات رولز 1973 کی جگہ جدید نظام متعارف کرایا جائے گا۔
نئے نظام میں کیڑے مار ادویات کی رجسٹریشن، درآمد و برآمد، تیاری، ڈیلر لائسنسنگ، پیکنگ و لیبلنگ، ذخیرہ، حفاظتی اقدامات، لیبارٹری ٹیسٹنگ، معائنہ اور شکایات کے ازالے کو شامل کیا گیا ہے۔
اجلاس میں سائنسی بنیادوں پر رسک اسیسمنٹ، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، برآمدات کے لیے مارکیٹ تک رسائی اور رجسٹریشن کے عمل میں مقررہ مدت پر بھی زور دیا گیا۔ محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کی جگہ نافسا کا مکمل نفاذ 31 اکتوبر 2026 تک مکمل کرنے کا منصوبہ ہے۔