✕
پاکستان

سکیورٹی فورسز کا قلات میں آپریشن، 12 دہشت گرد ہلاک

  • دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں، آئی ایس پی آر
شائع اپ ڈیٹ

سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے آپریشن کے دوران 12 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آپریشن 2 ستمبر کو اس اطلاع پر کیا گیا کہ علاقے میں اس کے مطابق بھارتی پراکسی ’فتنۃ الہندوستان‘ سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد موجود ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کی ایک کمین گاہ کی نشاندہی کرکے اس کی نگرانی کی اور بعدازاں ’فوری اور فیصلہ کن کارروائی‘ کرتے ہوئے اسے تباہ کردیا۔

بیان کے مطابق کارروائی میں ’بھارت کے حمایت یافتہ تمام 12 دہشت گرد‘ ہلاک ہوگئے، جبکہ موقع پر موجود بھاری مقدار میں گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات بھی تباہ کردیے گئے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی برائے قومی ایکشن پلان کی منظوری سے ’عزمِ استحکام‘ کے وژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔

بیان میں کہا گیا کہ ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے تک یہ مہم جاری رکھی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی جمعہ کو قلات میں ’فتنۃ الہندوستان‘ سے تعلق رکھنے والے 12 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم ہاؤس کے مطابق انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔