کھیل
تھورام کے گھٹنے کا آپریشن، جووینٹس کو دھچکا
- کلب نے اپنے بیان میں کہا، ’’آج صبح کیفریں تھورام کے دائیں گھٹنے میں پٹیلا کی کارٹلیج کی خرابی دور کرنے کے لیے آپریشن کیا گیا"
سیری اے کلب جووینٹس نے جمعرات کو بتایا کہ مڈفیلڈر کیفریں تھورام کے گھٹنے کا آپریشن کامیابی سے مکمل ہوگیا ہے اور وہ اب بحالی کے عمل کا آغاز کریں گے۔
کلب نے اپنے بیان میں کہا، ’’آج صبح کیفریں تھورام کے دائیں گھٹنے میں پٹیلا کی کارٹلیج کی خرابی دور کرنے کے لیے آپریشن کیا گیا۔‘‘
بیان کے مطابق یہ آپریشن لیون کے ہوپیتال پریوے ژاں میرمو میں ڈاکٹر برٹراند سونیری کوتے نے کلب کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر لوکا اسٹیفانینی کی موجودگی میں کیا۔ آپریشن مکمل طور پر کامیاب رہا اور کھلاڑی کل سے اپنی بحالی کا پروگرام شروع کریں گے۔
25 سالہ کیفریں تھورام نے رواں سیزن میں تاحال کوئی میچ نہیں کھیلا۔
جووینٹس نے مزید بتایا کہ بائیں جانب کے ڈیفینڈر خوان کابال کی بائیں ران میں معمولی نوعیت کی چوٹ آئی ہے۔ جووینٹس اتوار کو اے سی میلان کی میزبانی کرے گا۔