لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران شیخ ذاتی وجوہات کی بنا پر مستعفی
- جج کی حیثیت سے گزارے گئے سال میری پیشہ ورانہ زندگی کے سب سے تعمیری اور اطمینان بخش ادوار میں شامل رہے ہیں، راحیل کامران شیخ
لاہور ہائی کورٹ (ایل ایچ سی) کے جج جسٹس راحیل کامران شیخ نے ذاتی وجوہات کی بنا پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
آج نیوز کے مطابق جج نے آئینِ پاکستان 1973 کے آرٹیکل 206 کے تحت اپنا استعفیٰ صدرِ مملکت آصف علی زرداری کو بھجوا دیا۔ استعفے کی ایک نقل لاہور ہائی کورٹ کے رجسٹرار کو بھی ارسال کی گئی۔
جسٹس راحیل نے کہا کہ وہ فوری طور پر ہائی کورٹ کے جج کے عہدے سے مستعفی ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بحیثیت جج فرائض انجام دینا اور اپنے حلف اور ضمیر کے مطابق انصاف کی فراہمی میں کردار ادا کرنا ان کے لیے باعثِ اعزاز اور باعثِ افتخار رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالت کے جج کی حیثیت سے گزارے گئے سال میری پیشہ ورانہ زندگی کے سب سے تعمیری اور اطمینان بخش ادوار میں شامل رہے ہیں۔
جسٹس راحیل نے اپنے سینئر ساتھیوں، دیگر جج صاحبان اور عدالتی عملے کا رہنمائی، تعاون اور بھرپور معاونت پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ آئین اور قانون کی حکمرانی سے غیر متزلزل وابستگی کے ساتھ عدالت سے رخصت ہو رہے ہیں۔
جسٹس راحیل کو 7 مئی 2021 کو لاہور ہائی کورٹ کا ایڈیشنل جج مقرر کیا گیا تھا۔ ان کی ریٹائرمنٹ 2036 میں متوقع تھی۔