براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری : سرمائے کی آمد سے حقیقی اثرات تک
- ایف ڈی آئی کا حقیقی پیمانہ صرف یہ نہیں کہ معیشت میں کیا داخل ہوا بلکہ یہ ہے کہ اس سرمایہ کاری کی وجہ سے معیشت کیا کرنے کے قابل ہوئی
پاکستان طویل عرصے سے براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کے حصول کی کوشش کرتا رہا ہے اور اس کی وجوہ بھی درست ہیں۔ غیر ملکی سرمایہ، ملکی بچت میں اضافہ، پیداواری صلاحیت پیدا کرنے کے ساتھ ٹیکنالوجی و انتظامی مہارت بھی لا سکتاہے، بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی اور مقامی کمپنیوں کو عالمی ویلیو چینز سے بھی جوڑ سکتا ہے۔
ایف ڈی آئی کم سرمایہ کاری اور زرمبادلہ کی قلت کا شکار معیشت کے لیےترقی کا اہم محرک بن سکتی ہے لیکن ایف ڈی آئی کا مجموعی حجم صرف تصویر کا ایک رخ دکھاتا ہے۔
پاکستان نے جولائی تا اپریل مالی سال 2026 کے دوران 1.41 ارب ڈالر کی خالص براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کی، جو ایک سال پہلے 2.04 ارب ڈالر تھی۔ اس سرمایہ کاری کی نوعیت زیادہ اہم ہے۔ توانائی کے شعبے میں 785.6 ملین ڈالر جبکہ مالیاتی کاروبار میں 658.9 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی، دوسری جانب مواصلات کے شعبے سے 439.6 ملین ڈالر کا خالص سرمایہ باہر گیا۔ توانائی کے شعبے میں پن بجلی نے 349.6 ملین ڈالر اور کوئلے نے 375.9 ملین ڈالر حاصل کیے۔
چین 740 ملین ڈالر کے ساتھ سب سے بڑا سرمایہ کار رہا، اس کے بعد ہانگ کانگ 281 ملین، متحدہ عرب امارات 169 ملین اور برطانیہ 99 ملین ڈالر کے ساتھ نمایاں رہے۔
ایف ڈی آئی کوئی یکساں معاشی مظہر نہیں۔ اس کے اثرات کا انحصار اس بات پر ہے کہ سرمایہ کہاں لگایا جاتا ہے، وہ کیا پیدا کرتا ہے اور ملکی معیشت کے ساتھ اس کے روابط کتنے مضبوط ہوتے ہیں۔
اصل سوال یہ نہیں کہ پاکستان کتنی ایف ڈی آئی حاصل کرتا ہے، بلکہ یہ ہے کہ وہ کس نوعیت کی ایف ڈی آئی حاصل کرتا ہے اور اس سرمایہ کاری سے ملک میں کیا پیدا ہوتا ہے۔
سرمایہ کاری کی نوعیت اہم ہے
نئی برآمدی صنعت میں لگایا جانے والا ایک ڈالر، کسی موجودہ مالیاتی ادارے کے حصول، بجلی کے منصوبے کی مالی معاونت یا کسی اثاثے کی خریداری کے لیے استعمال ہونے والے ایک ڈالر سے مختلف معاشی اثرات رکھتا ہے۔ یہ تمام سرمایہ کاری ایف ڈی آئی کے طور پر شمار ہو سکتی ہے لیکن ترقی پر ان کے اثرات یکساں نہیں ہوتے۔
سی پیک کے تحت کوئلے، شمسی، ہوا سے بجلی اور پن بجلی کے منصوبوں میں بڑی سرمایہ کاری ہوئی، جن میں 720 میگاواٹ کا کروٹ اور 884 میگاواٹ کا سکی کناری منصوبہ بھی شامل ہیں۔ ان منصوبوں نے توانائی کی قلت کا شکار معیشت میں بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کیا۔
لیکن پالیسی کا تجزیہ صرف اثاثہ بننے تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔کتنا سامان اور مہارت مقامی سطح سے حاصل کی گئی؟ کتنی پاکستانی کمپنیاں سپلائی چین کا حصہ بنیں؟ کون سی نئی مہارتیں اور مواقع پیدا ہوئے؟ کیا مقامی کمپنیوں نے ایسی صلاحیتیں حاصل کیں جن سے ان کی پیداواری کارکردگی یا مسابقتی صلاحیت بہتر ہوئی؟
یہ سوالات دراصل معاشی پھیلاؤ کے اثرات سے متعلق ہیں۔مالیاتی شعبے میں ایف ڈی آئی بھی ایسے ہی سوالات اٹھاتی ہے۔ یہ سرمایہ، ٹیکنالوجی، رسک مینجمنٹ کے نظام، مالیاتی مصنوعات اور بہتر انتظامی طریقہ کار لا سکتی ہے مگر اس کا وسیع تر معاشی فائدہ اس بات پر منحصر ہے کہ بہتر مالیاتی نظام مزید سرمایہ پیداواری کاروباری اداروں تک پہنچانے میں کس حد تک مدد دیتا ہے۔
ایف ڈی آئی کا حجم جتنا اہم ہے، اس کی نوعیت بھی اتنی ہی اہم ہے۔
گرین فیلڈ، براؤن فیلڈ اور اس سے آگے
گرین فیلڈ سرمایہ کاری سے نئی سرگرمی شروع ہوتی ہے، مثلاً فیکٹری، سروس سینٹر یا تقسیم کا نیا نیٹ ورک، جس سے براہِ راست پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
براؤن فیلڈ سرمایہ کاری میں پہلے سے موجود کاروبار یا اثاثے کو خریدا یا وسعت دی جاتی ہے۔ اس سے نئی پیداواری صلاحیت نسبتاً کم پیدا ہو سکتی ہے، لیکن سرمایہ، ٹیکنالوجی، انتظامی مہارت، تنظیم نو اور نئی منڈیوں تک رسائی حاصل ہو سکتی ہے۔
ان میں سے کوئی بھی طریقہ فطری طور پر بہتر نہیں۔ اصل سوال یہ ہے: سرمایہ کاری ملکی معیشت میں کتنی گہرائی سے پیوست ہوتی ہے؟
سرمایہ کاری کے پیچھے چھپی سرمایہ کاری
کسی بین الاقوامی برانڈ کے پاکستان میں داخل ہونے کی مثال لیجیے۔ایک ماڈل میں وہ بنیادی خام مال، ٹیکنالوجی اور خصوصی خدمات درآمد کرتا ہے، مقامی سطح پر مصنوعات تقسیم کرتا اور ملکی طلب سے فائدہ اٹھاتا ہے۔
دوسرے ماڈل میں وہ پاکستانی سپلائرز تیار کرتا ہے، خام مال اور دیگر ضروری اشیا مقامی طور پر حاصل کرتا ہے، ملکی لاجسٹکس اور پیشہ ورانہ خدمات استعمال کرتا ہے، افرادی قوت کی صلاحیتیں بڑھاتا ، بین الاقوامی معیار متعارف کراتا اور مقامی کمپنیوں کے لیے زیادہ قدر والی سرگرمیوں میں داخل ہونے کے مواقع پیدا کرتا ہے۔ یوں پیداوار علاقائی یا عالمی سپلائی چین کا حصہ بن سکتی ہے۔
سرمایہ کار ایک ہی ہو سکتا ہے، ایف ڈی آئی کی مالیت بھی تقریباً یکساں ہو سکتی ہے لیکن معاشی اثر مختلف ہوگا۔
دوسرے ماڈل میں غیر ملکی سرمایہ کاری صرف پاکستان میں کام نہیں کر رہی ہوتی بلکہ پاکستان کے ذریعے پیداوار کر رہی ہوتی ہے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں سرمایہ کاری وسیع تر معاشی قدر پیدا کرتی ہے۔
سرمایہ کاری، روزگار اور مستقبل کی افرادی قوت
پاکستان کا سرمایہ کاری کا چیلنج دراصل لیبر مارکیٹ کا چیلنج بھی ہے۔ایک بڑی اور تیزی سے جوان ہوتی افرادی قوت کو کم پیداواری کام سے ہنرمند اور زیادہ پیداواری روزگار کی طرف منتقل ہونے کے مواقع درکار ہیں۔
ایف ڈی آئی براہِ راست روزگار کے ساتھ ساتھ سپلائر نیٹ ورکس، تکنیکی خدمات، لاجسٹکس، انجینئرنگ اور ڈیجیٹل سرگرمیوں کے ذریعے یہ مواقع پیدا کر سکتی ہے۔ مینوفیکچرنگ میں سرمایہ کاری صرف کمپنی کے ملازمین تک محدود نہیں رہتی جب پاکستانی ادارے سپلائر بنتے ہیں اور کارکن تکنیکی مہارتیں حاصل کرتے ہیں تو روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوتے ہیں۔
مضبوط سرمایہ کاری کا ماحول بیرونِ ملک ہنرمند افراد کے جانے کے رجحان کو مکمل طور پر ختم نہیں کر سکتا، لیکن ملک کے اندر پیشہ ورانہ اور کاروباری مواقع ضرور بڑھا سکتا ہے۔
اصل مقصد پیداواری روزگار ہونا چاہیے، یعنی کارکنوں کو ہنرمند، ٹیکنالوجی پر مبنی اور زیادہ قدر والی سرگرمیوں کی جانب منتقل کرنا۔
جامعات بھی سرمایہ کاری کے ماحولیاتی نظام کا حصہ ہیں
یہی اصول جامعات پر بھی لاگو ہونا چاہیے۔ایف ڈی آئی کا مقصد صرف گریجویٹس کو ملازمت دینا نہیں ہونا چاہیے۔ غیر ملکی کمپنیوں کو پاکستانی جامعات اور پیداواری شعبوں کے ساتھ اطلاقی تحقیق، مصنوعات کی تیاری، ٹیکنالوجی کو مقامی تقاضوں کے مطابق ڈھالنے، آزمائش، جدت اور صنعت سے منسلک مہارتوں کی ترقی کے ذریعے روابط قائم کرنے چاہییں۔اس سے ایک مضبوط سلسلہ تشکیل پا سکتا ہے : سرمایہ کاری، تحقیق، مہارتیں، جدت، مصنوعات، کاروبار اور پھر برآمدات کا فروغ جب کہ پاکستان میں یہ تعلق اب بھی پوری طرح فروغ نہیں پا سکا ہے۔لہٰذا ایف ڈی آئی کی گہری ترین شکل محض کسی اثاثے میں سرمایہ کاری نہیں، بلکہ علم اور صلاحیتوں کو ملکی معیشت میں پیوست کرنا ہے۔
سرمایہ کاری کے حصول سے معاشی انضمام تک
روایتی طور پر سرمایہ کاری پالیسی میں مراعات اور سہولت کاری کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ راغب کرنے پر توجہ دی جاتی رہی ہے لیکن سرمایہ کاری حاصل کرنا صرف پہلا مرحلہ ہے۔
دوسرا مرحلہ جذب ہے، یعنی یہ دیکھنا کہ ادارے، بنیادی ڈھانچہ، مہارتیں، مالیات اور ضوابط سرمایہ کاری کو پیداواری انداز میں استعمال کرنے کے قابل ہیں یا نہیں۔
تیسرا مرحلہ انضمام ہے، غیر ملکی کمپنیوں کو پاکستانی سپلائرز، کارکنوں، جامعات اور کاروباری اداروں سے جوڑنا۔
چوتھا مرحلہ صلاحیتوں میں تبدیلی ہے، مقامی کمپنیوں اور کارکنوں کو ٹیکنالوجی، مہارت، انتظامی علم اور عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے کے قابل بنانا، تاکہ وہ مسابقتی بن سکیں۔
اس مرحلے پر ایف ڈی آئی محض ادائیگیوں کے توازن میں ایک اندراج نہیں رہتی بلکہ ملکی پیداواری ڈھانچے کا حصہ بن جاتی ہے۔
پاکستان کو کیا پیمانہ مقرر کرنا چاہیے؟
سرمایہ کاری سے متعلق بحث کو صرف سرمایہ کاری کے حجم سے آگے بڑھنا ہوگا۔کتنی پیداواری صلاحیت پیدا ہوئی؟ کتنی پاکستانی کمپنیاں سپلائی چین کا حصہ بنیں؟ کتنی ٹیکنالوجی اور انتظامی مہارت منتقل ہوئی؟ کتنے کارکن ہنرمند روزگار کی جانب منتقل ہوئے؟ کمپنیوں نے جامعات اور تحقیقی اداروں کے ساتھ کتنے مضبوط روابط قائم کیے؟ کتنی پیداوار برآمدات پر مرکوز ہوئی؟ اور کتنا سرمایہ دوبارہ کاروبار میں لگایا گیا؟
اور بالآخر: سرمایہ کاری کے اپنا کام مکمل کرنے کے بعد پاکستان میں کون سی نئی صلاحیتیں باقی رہ گئیں؟
عالمی ویلیو چینز کی ازسرنو تشکیل کے دور میں مقصد صرف یہ نہیں ہونا چاہیے کہ کسی غیر ملکی کمپنی کو ملک کی حدود کے اندر لایا جائے، بلکہ یہ ہونا چاہیے کہ پاکستان وسیع تر پیداواری، علمی اور عالمی منڈی کے نیٹ ورک کا حصہ بنے۔
ایف ڈی آئی سے پیداواری تبدیلی تک
پاکستان کو سرمایہ، ٹیکنالوجی، مہارت اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے ایف ڈی آئی کا حصول جاری رکھنا چاہیے لیکن سرمایہ کاری پالیسی کا مقصد زیادہ واضح اور جامع ہونا ضروری ہے۔
سوال صرف یہ نہیں ہونا چاہیے کہ پاکستان کتنی غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کر سکتا ہے؟
بلکہ یہ بھی ہونا چاہیے کہ پاکستان کو کس نوعیت کی سرمایہ کاری درکار ہے؟
ایسی سرمایہ کاری جو پیداواری صلاحیت پیدا کرے، مقامی سپلائرز کو ترقی دے، ٹیکنالوجی منتقل کرے، مہارتیں پیدا کرے، تحقیق کو فروغ دے، برآمدات بڑھائے اور مقامی کمپنیوں کو مضبوط کرے، اسے پالیسی میں زیادہ اہمیت ملنی چاہیے۔
اس کا مطلب یہ نہیں کہ براؤن فیلڈ، مالیاتی شعبے یا صارفین کی منڈی سے متعلق سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی کی جائے۔ مقصد صرف یہ ہے کہ ان کے مختلف معاشی اثرات کو تسلیم کرتے ہوئے اسی کے مطابق پالیسیاں تشکیل دی جائیں۔
سرمایہ کاری پالیسی کی اگلی نسل کو ایف ڈی آئی کے حصول سے ایف ڈی آئی کے انضمام کی جانب بڑھنا چاہیے، یعنی سرمایہ کی آمد کو صرف گننے کے بجائے یہ ناپا جائے کہ اس سے کیا پیدا ہوا: اثاثے، سپلائی چینز، روزگار، مہارتیں، تحقیق، برآمدات اور بالآخر نئی معاشی صلاحیت۔
ایف ڈی آئی کا حقیقی پیمانہ صرف یہ نہیں کہ معیشت میں کیا داخل ہوا، بلکہ یہ ہے کہ اس سرمایہ کاری کی وجہ سے معیشت کیا کرنے کے قابل ہوگئی۔
کاپی رائٹ : بزنس ریکارڈر 2026