✕
کاروبار اور معیشت

ڈاکٹر گوہر گروپ نے ایک بار پھر اپٹما کا کنٹرول سنبھال لیا

  • زونل سطح پر صدیق جاوید بھٹی ناردرن زون کے چیئرمین منتخب
شائع اپ ڈیٹ

ڈاکٹر گوہر اعجاز گروپ نے ایک بار پھر آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

2026-28 کی مدت کے لیے انتخابات کے نتائج کا اعلان اپٹما ہاؤس میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا جہاں سرپرستِ اعلیٰ ڈاکٹر گوہر اعجاز کے ہمراہ سیکریٹری جنرل رضا باقر بھی موجود تھے۔

رضا باقر نے تصدیق کی کہ گروپ کے 34 امیدوار بلا مقابلہ مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے لیے منتخب ہوگئے ہیں جن میں 14 ناردرن زون اور 20 سدرن زون سے تعلق رکھتے ہیں۔

زونل سطح پر صدیق جاوید بھٹی ناردرن زون کے چیئرمین جبکہ حبیب انور سینئر وائس چیئرمین، محمد علی وائس چیئرمین اور دانش اسلم خزانچی منتخب ہوگئے۔ ان تمام عہدیداران کا انتخاب بلا مقابلہ عمل میں آیا۔ زونل مینجنگ کمیٹی کے لیے مزید 19 ارکان بھی نامزد کیے گئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ ہمارے گروپ کو 17 ویں مرتبہ فتح نصیب ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ 1957 میں قائم ہونے والی اپٹما کی قیادت کرنا ان کے لیے باعثِ فخر ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی قیادت ٹیکسٹائل شعبے کی برآمدی صلاحیت میں اضافے کے لیے مزید بھرپور کوششیں کرے گی۔