✕

چیف کلکٹر کسٹمز اپریزمنٹ واجد علی نے تاجر برادری کو یہ یقین دہانی کروائی کہ محکمہ کسٹمز نئی نصب شدہ اسکیننگ کی سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے کارگو کے فزیکل معائنے میں کمی سمیت کلیئرنس کے اوقات میں بہتری لائے گا اور کراچی کی ٹرمینلز پر بار بار پیدا ہونے والے بیک لاگ کی روک تھام کے لیے اس کا مؤثر استعمال کرے گا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مؤثر تجارتی سہولت کاری کے لیے کسٹمز، ٹرمینل آپریٹرز اور تاجر برادری کے درمیان بہتر ہم آہنگی اور باہمی تعاون ضروری ہے۔

کراچی چیمبر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسکینرز کی تنصیب کا مقصد خاص طور پر فزیکل ایگزامینیشن میں کمی لانا ہے اور کسٹمز، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ساتھ مل کر اس امر کو یقینی بنانا ہے کہ جہاں اسکیننگ کی سہولت دستیاب ہو وہاں غیر ضروری فزیکل ایگزامینیشن سے گریز کیا جائے۔

اجلاس میں صدرکے سی سی آئی ریحان حنیف، سینئر نائب صدر محمد رضا، سینئر نائب صدر عارف لاکھانی، چیئرمین کسٹمز اینڈ ویلیوایشن سب کمیٹی جنید محمود، سابق صدور زبیر موتی والا، طارق یوسف، شمیم فرپو اور افتخار احمد شیخ سمیت کے سی سی آئی کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے اراکین بھی شریک ہوئے۔

واجد علی نے مزید کہا کہ کارگو بیک لاگ بالخصوص کے آئی سی ٹی پر پیدا ہونے والی صورتحال کی روک تھام کے لیے رسک مینجمنٹ کے طریقہ کار کو بھی مزیدمؤثر بنایا جائے گا، نیزکارگو کی نقل و حرکت اور کلیئرنس کو بہتر بنانے کے لیے ٹرمینل آپریٹرز اور تاجر برادری کے ساتھ آپریشنل انتظامات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

انہوں نے زور ددیتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری کے ساتھ براہ راست رابطہ روزمرہ کے حقیقی مسائل کو سمجھنے کے لیے انتہائی ضروری ہے کیونکہ ایسے مسائل کی نشاندہی ہمیشہ اندرونی اجلاسوں یا سرکاری ہدایات کے ذریعے نہیں ہو سکتی۔

چیف کلکٹر کسٹمز اپریزمنٹ نے کے سی سی آئی کی جانب سے پیشہ ورانہ اور جامع انداز میں اپنے تحفظات کو اجاگر کرنے کو سراہتے ہوئے کہا کہ حقیقی مسائل کا فوری حل نہ صرف انفرادی کاروباری اداروں بلکہ کلیئرنس کے اوقات، ریونیو وصولی اور مجموعی تجارتی سہولت کاری کے لیے بھی فائدہ مند ہوتا ہے۔

انہوں نے اس بات سے بھی اتفاق کیا کہ بین الاقوامی بہترین طریقہ کار کے مطابق کسٹمز کے مختلف مراحل کے لیے واضح ٹائم لائنز اور قابلِِ قدر کارکردگی کے معیارات مقررکیے جانے چاہیے۔

قبل ازیں صدر کے سی سی آئی ریحان حنیف نے چیف کلکٹر کا خیرمقدم کرتے ہوئے واجد علی کے فوری ردعمل اور تعاون کو سراہا اور انہیں ایف بی آر کا ایک سینئر اور انتہائی باوقار افسر قرار دیا جنہوں نے ہمیشہ تاجر برادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا۔