ایزی پیسہ اور ففتھ پلر فیملی تکافل کا شرعی اصولوں کے مطابق عمرہ سیونگز پلان متعارف
- یہ شرعی اصولوں کے مطابق بچت اور تحفظ کی سہولت ہے
ایزی پیسہ نے ففتھ پلر فیملی تکافل کے ساتھ شراکت داری کرتے ہوئے ففتھ پلر فیملی تکافل عمرہ سیونگز پلان متعارف کرادیا ہے۔ یہ شرعی اصولوں کے مطابق بچت اور تحفظ کی سہولت ہے جس کے ذریعے صارفین عمرہ کی ادائیگی کے لیے مالی منصوبہ بندی اور پیشگی تیاری کر سکیں گے۔
اس سہولت کے تحت ففتھ پلر ٹریول (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ساتھ مربوط شراکت داری کے ذریعے ایزی پیسہ صارفین کو مدت پوری ہونے پر سفر کی مکمل سہولیات فراہم کی جائیں گی جن میں ویزا پراسیسنگ، پروازوں کی بکنگ، رہائش اور زیارات کے انتظامات شامل ہیں جس سے عمرہ کا سفر زیادہ آسان اور سہل ہو جائے گا۔
ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کے صدر اور سی ای او جہانزیب خان نے کہا کہ ایزی پیسہ میں ہم ایسے مالی حل متعارف کرانے کے لیے پرعزم ہیں جو ہمارے صارفین کی خواہشات، اقدار اور روزمرہ ضروریات سے ہم آہنگ ہوں۔ ففتھ پلر فیملی تکافل عمرہ سیونگز پلان کا اجرا شرعی اصولوں کے مطابق بچت، تحفظ اور عمرہ کی سہل سہولیات کو ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر یکجا کرتا ہے جس سے لاکھوں پاکستانی زیادہ اعتماد اور سہولت کے ساتھ اس اہم روحانی سفر کی مالی منصوبہ بندی کر سکیں گے۔