ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مزید تگڑا
- ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 277.60 روپے پر بند
انٹربینک مارکیٹ میں بدھ کو بھی ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں معمولی بہتری کا سلسلہ جاری رہا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 277.60 روپے پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ منگل کو مقامی کرنسی 277.61 روپے پر بند ہوئی تھی۔
دریں اثنا بدھ کو امریکی ڈالر بڑی عالمی کرنسیوں کے مقابلے میں کئی ماہ کی کم ترین سطح کے قریب رہا، جبکہ امریکی ٹریژری بانڈز کی شرح منافع حالیہ بلند ترین سطح سے نیچے آگئی۔ سرمایہ کار شرح سود کے آئندہ لائحہ عمل سے متعلق اشاروں کے لیے امریکی فیڈرل ریزرو کے حالیہ پالیسی اجلاس کی کارروائی کے منتظر ہیں۔
یورو معمولی اضافے کے ساتھ 1.1577 ڈالر پر پہنچ گیا اور رواں ہفتے کے آغاز میں چھونے والی دو ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب رہا۔
برطانوی پاؤنڈ 1.3533 ڈالر پر تقریباً مستحکم رہا اور بدھ کو جاری ہونے والے برطانیہ کے افراط زر کے اعداد و شمار سے قبل تین ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب برقرار رہا۔ توقع ہے کہ اعداد و شمار قیمتوں میں مسلسل اضافے کے دباؤ کی نشاندہی کریں گے۔
جاپانی ین 159.56 فی ڈالر پر تقریباً مستحکم رہا۔ ین مداخلت کے نتیجے میں حاصل ہونے والی زیادہ تر بہتری واپس کھو چکا ہے، تاہم یہ کئی دہائیوں کی کم ترین سطح تقریباً 164 سے اب بھی خاصا اوپر ہے۔
ڈالر انڈیکس، جو چھ بڑی عالمی کرنسیوں کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر کو ظاہر کرتا ہے، معمولی کمی سے 99.65 پر آگیا۔
دریں اثنا، بدھ کو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں تین ہفتوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 45 سینٹ یا 0.49 فیصد اضافے سے 91.47 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل 45 سینٹ یا 0.53 فیصد اضافے سے 85.39 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔
برینٹ 30 جولائی جبکہ ڈبلیو ٹی آئی 31 جولائی کے بعد بلند ترین سطح پر رہا۔