ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مزید مضبوط
- انٹربینک میں ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 277.65 روپے پر بند
انٹربینک مارکیٹ میں جمعرات کو بھی ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ جاری رہا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروبار کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 277.65 روپے پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ بدھ کو مقامی کرنسی 277.66 روپے پر بند ہوئی تھی۔
دریں اثنا جمعرات کو ڈالر کی پیش قدمی رک گئی کیونکہ گزشتہ روز جاری ہونے والے امریکا میں مجموعی طور پر توقعات کے مطابق افراطِ زر کے اعداد و شمار کے بعد ٹریڈرز نے قریب مدت میں امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں اضافے کے امکانات پر اپنی شرطیں کم کردیں۔
ایشیائی مارکیٹ میں دوپہر کے وقت ڈالر ین کے مقابلے میں تقریباً مستحکم رہا تاہم رواں ہفتے اس میں تقریباً 1 فیصد اضافے کا امکان ہے کیونکہ حالیہ مشترکہ امریکی اور جاپانی مداخلت کے بعد مارکیٹس نے دوبارہ اس کرنسی جوڑے میں خریداری شروع کردی ہے جس کے نتیجے میں یہ تین ماہ کی کم ترین سطح تک گر گیا تھا۔
ڈالر انڈیکس جمعرات کو 100 پر تقریباً مستحکم رہا تاہم رواں ہفتے اس میں 0.4 فیصد اضافے کا امکان ہے۔
مزید برآں برینٹ خام تیل کے فیوچرز 91 سینٹ یا ایک فیصد کمی کے بعد 88.07 ڈالر فی بیرل پر آگئے جس سے گزشتہ چھ سیشنز کے دوران ہونے والے اضافے میں کمی واقع ہوئی۔
امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت بھی 96 سینٹ یا 1.2 فیصد کمی سے 82.31 ڈالر فی بیرل ہوگئی جبکہ اس سے قبل مسلسل پانچ سیشنز میں اس کی قیمت میں اضافہ ہوا تھا۔