فیصل بینک کا پہلی ششماہی میں مضبوط مالیاتی نتائج کا اعلان
- بینک کا قبل از ٹیکس منافع 20.5 ارب، بعد از ٹیکس منافع 10 ارب روپے ریکارڈ
فیصل بینک لمیٹڈ (ایف بی ایل) نے سال 2026 کی پہلی ششماہی کے دوران مستحکم مالی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 20.5 ارب روپے کا قبل از ٹیکس اور 10 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل کیا۔
اس عرصے کے دوران بینک کی فی حصص آمدن6.60 روپے رہی۔ بینک نے دوسری سہ ماہی کے لیے فی حصص 1.50 روپے نقد منافع دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق مارکیٹ شرح منافع میں کمی کے باوجود فیصل بینک نے بیلنس شیٹ میں متوازن اور مستحکم ترقی کے ذریعے منافع بخش کارکردگی برقرار رکھی، جس کے نتیجے میں بینک کے مجموعی اثاثے 1.8 ٹریلین روپے سے بڑھ گئے۔
بینک نے اپنے ڈپازٹس مکس کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز رکھی اور خاص طور پر کرنٹ اکاؤنٹس پر توجہ دی گئی۔ تجارت اور لین دین پر مبنی سرگرمیوں، مسلسل بڑھتے ہوئے صارفین اور ملک بھر میں تیزی سے پھیلتے ہوئے وسیع برانچ نیٹ ورک کی بھرپور معاونت کے نتیجے میں بینک کی ڈپازٹ بنیاد مزید مستحکم ہوئی۔
بینک کے ڈپازٹس 9.5 فیصد بڑھ کر 1.56 کھرب روپے جب کہ کرنٹ اکاؤنٹس 21 فیصد اضافے سے 646 ارب روپے ہوگئے۔ دسمبر 2025ء میں 37.5 فیصد کے مقابلے میں کرنٹ اکاؤنٹس کا تناسب بڑھ کر 41.4 فیصد ہوگیا جبکہ کاسا کا تناسب بھی 81.9 فیصد سے بڑھ کر 86.8 فیصد ہوگیا۔
فیصل بینک کے چیئرمین میاں محمد یونس نے کہا کہ یہ نتائج بینک کی اسلامی بینکاری اور نیٹ ورک کی بنیاد پر ترقی کے سفر میں بڑھتی ہوئی پختگی اور مضبوطی کی عکاسی کرتے ہیں۔