ڈبلیو سی اے کا سری لنکن کھلاڑیوں کی تنظیم کے قیام کا خیرمقدم
- اس وقت کرکٹ کھیلنے والے سرفہرست 19 میں سے 17 ممالک کے کھلاڑی ڈبلیو سی اے سے وابستہ ہیں، جن میں صرف بھارت اور پاکستان کے کھلاڑی شامل نہیں
ورلڈ کرکٹرز ایسوسی ایشن (ڈبلیوسی اے) نے سری لنکا میں کھلاڑیوں کی تنظیم کے قیام کو ملک میں کرکٹ کے پیشہ ورانہ فروغ کے لیے ایک سنگ میل قرار دیا ہے۔
سری لنکن پروفیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن کا باضابطہ افتتاح ہفتے کو کیا گیا، جس میں وائٹ بال کرکٹ کے کپتان کوسل مینڈس کو اس کا پہلا صدر نامزد کیا گیا ہے۔ اس تنظیم کا قیام ایسے وقت میں عمل میں آیا ہے جب سری لنکا کرکٹ بورڈ ایک حکومتی کمیٹی کی زیرِ قیادت اصلاحاتی عمل سے گزر رہا ہے۔ ڈبلیو سی اے کے چیف ایگزیکٹو ٹام موفٹ نے بیان میں کہا کہ ایک مضبوط کھیل اور کھلاڑیوں کی مؤثر نمائندگی لازم و ملزوم ہیں۔ کرکٹ اسی وقت ترقی کرتی ہے جب کھلاڑیوں کو اس کے مستقبل میں حقیقی آواز حاصل ہو۔
خواتین ٹیم کی کپتان چماری اتھاپاتھتو نے بھی اس ایسوسی ایشن کی حمایت کی ہے، جس سے کھلاڑیوں کو کرکٹ بورڈ کے ساتھ مذاکرات میں بالخصوص فرنچائز کرکٹ میں شرکت کی اجازت کے حوالے سے مضبوط آواز ملے گی۔
اس وقت کرکٹ کھیلنے والے سرفہرست 19 میں سے 17 ممالک کے کھلاڑی ڈبلیو سی اے سے وابستہ ہیں، جن میں صرف بھارت اور پاکستان کے کھلاڑی شامل نہیں ہیں۔