سندھ نے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے لیے ہفتے میں 5 دن تدریس کی منظوری دے دی
- یہ فیصلہ وزیرِ اعلیٰ سید مراد علی شاہ کی منظوری سے سامنے آیا ہے
محکمہ اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی سندھ نے ہفتے میں 6 دن تدریس سے متعلق اپنا سابقہ نوٹیفکیشن واپس لیتے ہوئے صوبے کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو فوری طور پر اور اگلے احکامات تک پیر سے جمعہ (ہفتے میں 5 دن) کی تدریسی سرگرمیاں بحال کرنے کا حکم دیا ہے۔
سرکاری بیان کے مطابق یہ فیصلہ وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی منظوری سے کیا گیا ہے۔سیکشن آفیسر کی جانب سے مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بعد بدھ کو جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کا اطلاق محکمہ تعلیم کے انتظامی کنٹرول میں آنے والے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں پر یکساں طور پر ہوگا۔
یہ فیصلہ محکمہ تعلیم کی جانب سے ماضی کے موقف میں ایک اور تبدیلی کو ظاہر کرتا ہے۔ اس سے قبل 29 جولائی کو محکمہ تعلیم نے تمام سرکاری اور نجی اداروں کو 1 اگست سے ہفتے میں 6 دن تدریس کا حکم دیا تھا۔
اس حکم سے الجھن پیدا ہوئی جس کی بعد میں وضاحت کرتے ہوئے نجی اسکولوں کو اپنے آپریشنل جدول کے مطابق آزادانہ فیصلہ کرنے کا اختیار دیا گیا تھا، جبکہ سرکاری اسکولوں کے لیے 6 دن کی پابندی برقرار رکھی گئی تھی۔
بدھ کو جاری ہونے والا نیا نوٹیفکیشن ان تمام پچھلے احکامات کو منسوخ کرتے ہوئے بلا تفریق 5 روزہ تدریسی ہفتہ بحال کرتا ہے۔ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ سنگل شفٹ اور ڈبل شفٹ کے اسکولوں کے اوقاتِ کار کا اعلان علیحدہ سے کیا جائے گا۔
اس نوٹیفکیشن کی کاپیاں گورنر اور وزیرِ اعلیٰ کے دفاتر، چیف سیکریٹری اور محکمہ تعلیم کے مختلف ڈائریکٹوریٹس کو تعمیل اور پریس ریلیز کے لیے ارسال کر دی گئی ہیں۔