پہلی ششماہی، ایچ بی ایل کا قبل از ٹیکس منافع 73.1 ارب روپے رہا
- بیلنس شیٹ کا حجم بڑھ کر 8 کھرب روپے ہوگیا، ڈپازٹس 5.9 کھرب روپے پر جاپہنچے
حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل) نے 30 جون 2026 کو ختم ہونے والی ششماہی کے دوران 73.1 ارب روپے کا مجموعی قبل از ٹیکس منافع اور 34.5 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل کیا۔ بینک کے مطابق زیرِ جائزہ مدت میں فی شیئر آمدن بڑھ کر 23.51 روپے ہوگئی۔ نتائج کے ساتھ بینک نے 30 جون 2026 کو ختم ہونے والی دوسری سہ ماہی کے لیے 6 روپے فی شیئر عبوری نقد منافع دینے کا اعلان کیا جو پہلے ادا کیے گئے 6 روپے فی شیئر عبوری نقد منافع کے علاوہ ہے۔
ایچ بی ایل کی بیلنس شیٹ کا حجم بڑھ کر 8 کھرب روپے ہوگیا جبکہ مجموعی ڈپازٹس 5.9 کھرب روپے پر پہنچ گئے۔ ملکی ڈپازٹس ریکارڈ سطح 5.1 کھرب روپے تک جاپہنچے جس کی بنیادی وجہ کرنٹ اکاؤنٹس میں مضبوط ڈپازٹس کا حصول تھا۔ نتیجتاً ملکی ڈپازٹس میں کرنٹ اکاؤنٹس کا تناسب دسمبر 2025 کے 37.6 فیصد سے بڑھ کر جون 2026 میں 42.5 فیصد ہوگیا۔ ایچ بی ایل کے مجموعی قرضوں کا حجم بڑھ کر 2.1 کھرب روپے ہوگیا۔ بینک کے مطابق صنعت میں نمایاں مقام رکھنے والے اس کے کنزیومر پورٹ فولیو نے مضبوط ترقی کا سلسلہ جاری رکھا اور 187 ارب روپے تک پہنچ گیا جبکہ گروپ کی زرعی فنانسنگ بھی بڑھ کر 110 ارب روپے سے تجاوز کرگئی۔
ایچ بی ایل کے شرحِ سود کے مارجن کو اوسط بیلنس شیٹ میں 700 ارب روپے کے اضافے اور اوسط کرنٹ اکاؤنٹس میں مسلسل اضافے کے نتیجے میں بہتر فنڈنگ مکس سے مؤثر طور پر سہارا ملا۔ اس کے نتیجے میں 2026 کی پہلی ششماہی میں ایچ بی ایل کی خالص سودی آمدن بڑھ کر 140 ارب روپے ہوگئی۔
فیس اور کمیشن میں دہرے ہندسے کی نمو اور شاندار ٹریژری کارکردگی کی بدولت نان فنڈ انکم بڑھ کر 47 ارب روپے ہو گئی۔ فلیگ شپ کارڈز کے کاروبار میں مسلسل ترقی نے ترسیلاتِ زر اور جی ٹو پی کی آمدنی کے اچھے تعاون کے ساتھ آمدنی میں اضافے کا ساتھ دیا۔ اس طرح ایچ بی ایل کی کل آمدنی بڑھ کر 187 ارب روپے ہوگئی۔
موثر لاگت کے انتظام کے نتیجے میں بینک کے انتظامی اخراجات میں 6 فیصد کی معمولی نمو ریکارڈ کی گئی۔ پائیدار منافع کے ساتھ ایچ بی ایل کا ٹائر ون کیپٹل ایڈیکیوسی ریشو 13.7 فیصد اور کل CAR 17.2 فیصد رہا جو کہ درکار سطح سے نمایاں طور پر اوپر ہے۔
بینک کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے ایچ بی ایل کے صدر اور چیف ایگزیکٹو محمد ناصر سلیم نے کہا کہ 2026 کی پہلی ششماہی کے مضبوط نتائج ہماری بنیادی آمدن پر توجہ کی عکاسی کرتے ہیں جس میں نیٹ ورک کی توسیع، ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری اور ہر شعبے میں مضبوط کاروباری سرگرمی نے اہم کردار ادا کیا۔ مارکیٹ میں نمایاں آمدن کی بنیاد پر کاروبار کو متنوع رکھنے کے ساتھ ساتھ ہم منظم انداز میں عمل درآمد کے ذریعے مستقبل کی ترقی کے لیے پرعزم ہیں۔ ہم دوسری ششماہی میں منافع بخش نمو کو تیز کرنے اور اپنے صارفین و دیگر اسٹیک ہولڈرز کے لیے پائیدار قدر پیدا کرنے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے داخل ہو رہے ہیں۔