کاروبار اور معیشت

تصدیق کے آئی پی او کی بک بلڈنگ صرف دو سیکنڈ میں مکمل سبسکرائب

  • بک بلڈنگ کا عمل 6 اگست تک جاری رہے گا، عوامی سبسکرپشن 11 اور 12 اگست کو ہوگی
شائع اپ ڈیٹ

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) سے ریگولیٹڈ کریڈٹ انفارمیشن اور اینالیٹکس کمپنی تصدیق کا ابتدائی عوامی پیشکش (آئی پی او) بک بلڈنگ شروع ہونے کے صرف ریکارڈ دو سیکنڈ میں مکمل طور پر سبسکرائب ہوگیا۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز جو اس اجرا کے لیے کنسلٹنٹ کی حیثیت سے کام کررہا ہے نے بتایا کہ بک بلڈنگ میں ادارہ جاتی سرمایہ کاروں، غیر ملکی فنڈز اور ہائی نیٹ ورتھ سرمایہ کاروں کی جانب سے مضبوط شرکت دیکھنے میں آئی۔

ٹاپ لائن نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ تصدق پاکستان کا پہلا اسٹیٹ بینک کا لائسنس یافتہ نجی کریڈٹ بیورو ہے جو ملک میں لائسنس یافتہ صرف دو بیوروز میں سے ایک ہے اور جنوبی ایشیا میں لسٹ ہونے والا پہلا کریڈٹ بیورو ہوگا۔

کمپنی کے پراسپیکٹس کے مطابق، تصدیق نے مجموعی طور پر 15 کروڑ حصص فروخت کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، جن کی فی حصص قیمت کم از کم 1.90 روپے اور زیادہ سے زیادہ 3 روپے مقرر کی گئی تھی۔ اندازوں کے مطابق کمپنی ڈچ بِڈنگ (بک بلڈنگ) کے عمل کے ذریعے طے ہونے والی حتمی قیمت کی بنیاد پر آئی پی او سے 28 کروڑ 50 لاکھ روپے سے 45 کروڑ روپے تک ایکویٹی سرمایہ حاصل کرے گی۔

ٹاپ لائن کے مطابق بک بلڈنگ کا عمل 6 اگست 2026 کو شام 5 بجے تک جاری رہے گا جبکہ عوامی سبسکرپشن 11 اور 12 اگست 2026 کو ہوگی۔

کمپنی آئی پی او سے حاصل ہونے والی رقم کو اپنی مصنوعات کی ترقی کے منصوبے پر عملدرآمد، ٹیکنالوجی کے بنیادی ڈھانچے اور معلوماتی سکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے اور صارفین کے لیے مارکیٹنگ اقدامات کی مالی معاونت پر خرچ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

کمپنی نے مزید کہا کہ اس حکمت عملی کا مقصد بی ٹو بی اور بی ٹو سی دونوں شعبوں میں ترقی کے مواقع سے فائدہ اٹھانا ہے جبکہ کمپنی کے ڈیٹا کی سالمیت، ریگولیٹری تقاضوں سے مطابقت اور طویل مدتی آپریشنل توسیع کی صلاحیت کو بھی مضبوط بنانا ہے۔