مارکٹس

ایمریٹس کا بڑا فیصلہ، اب کرپٹو کرنسی سے ٹکٹوں کی بکنگ ممکن

  • ایمریٹس نے باضابطہ طور پر کرپٹو ڈاٹ کام پے متعارف کرادیا
شائع اپ ڈیٹ

دنیا کی بڑی فضائی کمپنیوں میں شامل ایمریٹس نے باضابطہ طور پر کرپٹو ڈاٹ کام پے (Crypto.com Pay) متعارف کرادیا ہے جس کے ذریعے صارفین اب ایئرلائن کی ویب سائٹ اور موبائل ایپ پر ڈیجیٹل ادائیگی کے اس نظام کو استعمال کرتے ہوئے اپنی پروازوں کی بکنگ کرسکیں گے۔

بیان کے مطابق کرپٹو ڈاٹ کام اکاؤنٹ رکھنے والے صارفین اب ایمریٹس ڈاٹ کام (emirates.com ) اور ایمریٹس موبائل ایپ کے ذریعے پرواز کی بکنگ کرتے وقت ادائیگی کے مرحلے پر کرپٹو ڈاٹ کام پے کا انتخاب کرسکتے ہیں جب کہ تمام لین دین محفوظ انداز میں اور متحدہ عرب امارات کے ریگولیٹری معیارات کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔

کرپٹو ڈاٹ کام سنگاپور میں قائم ایک کرپٹو کرنسی ایکسچینج ہے جو موبائل ایپ، کرپٹو ایکسچینج اور نان کسٹوڈیل ڈی فائی والیٹ سمیت مختلف مالیاتی خدمات فراہم کرتا ہے۔ اس کے دنیا بھر میں 10 کروڑ سے زائد صارفین ہیں۔

ایمریٹس کے مطابق کرپٹو ڈاٹ کام پے کی سہولت متحدہ عرب امارات کے اہل رہائشیوں کے لیے دستیاب ہے جو اماراتی درہم میں قیمت طے ہونے اور ادائیگی ہونے والی بکنگز کے لیے استعمال کی جاسکتی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ انضمام کرپٹو ڈاٹ کام کی دبئی میں قائم کمپنی کے ذریعے ممکن بنایا گیا جو متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک سے اسٹورڈ ویلیو فیسیلٹیز (ایس وی ایف) کا لائسنس حاصل کرنے والی پہلی ورچوئل اثاثہ خدمات فراہم کرنے والی کمپنی ہے۔ یہ سروس ایس وی ایف کے ریگولیٹری فریم ورک کے دائرہ کار میں کام کرتی ہے۔

یہ سہولت کرپٹو ڈاٹ کام اور ایمریٹس کے درمیان 2025 میں کیے گئے شراکت داری کے معاہدے پر عمل درآمد کا حصہ ہے۔

ایمریٹس کے ڈپٹی صدر اور چیف کمرشل آفیسر عدنان کاظم نے کہا کہ اس اقدام کا عملی آغاز سفر کی ادائیگی کے طریقوں میں صارفین کو مزید انتخاب فراہم کرنے کے ہمارے عزم کی تکمیل ہے۔ یہ اس نئی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے بخوبی واقف نوجوان نسل کی تیزی سے بدلتی ہوئی ترجیحات کی بھی عکاسی کرتا ہے جو اپنے مالی معاملات سنبھالنے اور سفر کی منصوبہ بندی زیادہ تر موبائل فون کے ذریعے کرتی ہے اور توقع رکھتی ہے کہ جن ایئرلائنز کے ساتھ وہ سفر کرتی ہے وہ بھی اس رفتار سے ہم آہنگ رہیں۔

کرپٹو ڈاٹ کام کے صدر اور چیف آپریٹنگ آفیسر ایرک انزیانی نے کہا کہ ایمریٹس کے ساتھ شراکت داری کرپٹو ڈاٹ کام اور ہماری پے سروس کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے جو اپنی آسانی اور ہموار انضمام کی بدولت معروف ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ یہ اشتراک متحدہ عرب امارات کے جدت طرازی کے حوالے سے دور اندیش وژن کا عکاس ہے اور ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ہم ایمریٹس کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے شعبے کو اپنانے میں معاونت فراہم کررہے ہیں۔