آزاد کشمیر انتخابات کا پہلا مرحلہ، میرپور ڈویژن میں پولنگ جاری
- کل 14 لاکھ 1 ہزار 439 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے آج میرپور ڈویژن کے تین اضلاع میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔
میرپور ڈویژن میں کل 14 لاکھ 1 ہزار 439 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔ پولنگ ضلع کوٹلی کے 6، ضلع بھمبر کے 3 اور ضلع میرپور کے 4 انتخابی حلقوں میں منعقد کی جارہی ہے۔
ضلع کوٹلی میں 6 اسمبلی نشستوں کے لیے 6 لاکھ 47 ہزار ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے جب کہ ضلع بھمبر میں 3 حلقوں کے لیے 3 لاکھ 42 ہزار ووٹرز ووٹ ڈالیں گے۔ اسی طرح ضلع میرپور میں 4 اسمبلی نشستوں کے لیے تقریباً 4 لاکھ 11 ہزار ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔
ضلع کوٹلی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر، پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر، استحکام پاکستان پارٹی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے 135 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ ضلع بھمبر میں 3 نشستوں کیلئے 63 امیدوار مدمقابل ہیں جب کہ ضلع میرپور میں 4 اسمبلی نشستوں پر 98 امیدوار انتخاب لڑرہے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے ووٹرز کی سہولت کیلئے میرپور ڈویژن میں 2,554 پولنگ اسٹیشنز اور 3701 پولنگ بوتھ قائم کیے ہیں۔
اصل مقابلہ پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر، پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر اور استحکام پاکستان پارٹی کے امیدواروں کے درمیان متوقع ہے۔
آزاد کشمیرالیکشن کمیشن کی ہدایات پر حکومتِ آزاد جموں و کشمیر نے عام انتخابات کے پیشِ نظر 27 جولائی کو سرکاری تعطیل کا اعلان کیا تھا۔
اس حوالے سے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن (ایس اینڈ جی اے ڈی) نے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا تھا۔ یہ سرکاری تعطیل صرف میرپور ڈویژن میں منائی جارہی ہے۔