مارکٹس

اے آئی کی بڑھتی طلب سے نوکیا کے سہ ماہی منافع میں زبردست اضافہ

ادارے کا آپریٹنگ منافع 18 فیصد اضافے کے ساتھ 434 ملین یورو تک پہنچ گیا
شائع اپ ڈیٹ

فن لینڈ کی ٹیلی کام آلات بنانے والی کمپنی نوکیا نے جمعرات کو توقعات سے زیادہ سہ ماہی تقابلی آپریٹنگ منافع میں اضافے کی اطلاع دی جس کی بڑی وجہ اے آئی اور کلاؤڈ سروسز سے وابستہ صارفین کی بڑھتی ہوئی طلب رہی۔

2026 کی دوسری سہ ماہی میں نوکیا کا تقابلی آپریٹنگ منافع 18 فیصد اضافے کے ساتھ 434 ملین یورو (496.11 ملین ڈالر) تک پہنچ گیا۔

یہ شرح ایل ایس ای جی کے سروے میں شامل تجزیہ کاروں کے 382 ملین یورو کے اوسط تخمینے سے نمایاں طور پر زیادہ رہی۔

نوکیا نے اپنی توجہ اے آئی کے ڈیٹا سینٹرز بنانے والی بڑی ٹیک کمپنیوں کو فائبر آپٹک کیبلز فروخت کرنے پر مرکوز کر دی ہے۔

تاہم کمپنی بھی مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی کمپنیوں کی جانب سے میموری چپس کی بڑھتی ہوئی خریداری کے باعث قیمتوں میں اچانک اضافے کے اثرات سے محفوظ نہ رہ سکی جس کا دباؤ ٹیلی کام آلات تیار کرنے والی کمپنیوں پر بھی پڑا۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر جسٹن ہوٹارڈ نے ایک بیان میں کہا کہ طلب بدستور مضبوط ہے جبکہ رسد کی محدود دستیابی صنعت کے لیے سب سے بڑا چیلنج بنی ہوئی ہے جس کے باعث ہمارے صارفین طویل المدتی آرڈرز دے رہے ہیں۔