ڈچ سفیر کا ایف سی ای پی ایل کا دورہ، ڈیری سیکٹر کی ترقی اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال
- پاکستان کا ڈیری سیکٹر ترقی کے لیے اہم مواقع فراہم کرتا ہے، ڈچ سفیر
پاکستان میں نیدرلینڈ کے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ نے فریز لینڈ کیمپینا اینگرو پاکستان لمیٹڈ (ایف سی ای پی ایل) کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کمپنی کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ادارے کی پیشرفت، پاکستان کے ڈیری سیکٹر کے مجموعی منظرنامے اور ڈیری شعبے میں مستقبل کی ترقی اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ایف سی ای پی ایل کی قیادت نے کمپنی کی کارکردگی، جاری اقدامات اور کاروباری ترقی کے مستقبل کے امکانات پر بریفنگ دی۔
گفتگو میں پاکستان کے ڈیری سیکٹر کے بدلتے ہوئے منظرنامے، اس کی توسیع اور جدید خطوط پر استوار کیے جانے کی صلاحیت کا جائزہ لیا گیا۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈچ سفیر نے کہا کہ پاکستان کا ڈیری سیکٹر ترقی کے لیے اہم مواقع فراہم کرتا ہے، جس کی بنیاد ایک باصلاحیت افرادی قوت اور جدید طریقہ کار پر بڑھتی ہوئی توجہ ہے۔
بالخصوص بچوں کے لیے محفوظ ڈیری مصنوعات تک رسائی کو یقینی بنانا اور کھلے دودھ کے استعمال سے بتدریج دوری کی حوصلہ افزائی کرنا عوامی صحت کے لیے نہایت اہم ہے۔ یہ حوصلہ افزا امر ہے کہ ایف سی ای پی ایل ان کوششوں اور ڈیری شعبے کی طویل المدتی پائیداری میں تعمیری کردار ادا کر رہا ہے۔
اس موقع پر ایف سی ای پی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر کاشان حسن نے کہا کہ پاکستان میں نیدرلینڈ کے سفیر کی میزبانی کرنا اور انہیں ملک میں ڈیری شعبے کے مستقبل کے حوالے سے اپنا وژن پیش کرنا ہمارے لیے باعثِ اعزاز ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2026