کولمبیا کا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل (راؤنڈ آف 16) تک کا سفر عمدہ کھیل، گیند پر بھرپور کنٹرول اور مسلسل حملہ آور انداز کی بدولت ممکن ہوا تاہم سنہری مواقع کو گول میں تبدیل نہ کر پانا ناک آؤٹ مرحلے سے قبل ٹیم کے لیے ایک بڑی تشویش بن گیا ہے۔

جمعہ کو گھانا کے خلاف 1-0 کی کامیابی میں جون ایریاس کا 14ویں منٹ میں کیا گیا گول فیصلہ کن ثابت ہوا جس کی بدولت جنوبی امریکی ٹیم نے منگل کو وینکوور میں سوئٹزرلینڈ کے خلاف ہونے والے راؤنڈ آف 16 کے میچ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ تاہم ایک گول سے فتح میچ میں کولمبیا کی مکمل برتری کی حقیقی عکاسی نہیں کرتی۔

کولمبیا نے پورے میچ میں مسلسل حملے کیے اور گھانا کے گول کیپر لارنس آتی زیگی کو متعدد شاندار سیوز کرنے پر مجبور کیا۔ دوسرے ہاف میں لوئس ڈیاز کا ایک گول آف سائیڈ قرار دے کر مسترد کر دیا گیا جبکہ اس کے کچھ ہی دیر بعد وہ قریب سے گول کرنے کا ایک سنہری موقع بھی ضائع کر بیٹھے۔

گھانا کے ہیڈ کوچ کارلوس کیروش نے میچ کے بعد اعتراف کیا ko کولمبیا نے کھیل پر بھرپور کنٹرول برقرار رکھا۔ میرا خیال ہے کہ بہتر ٹیم ہی کامیاب ہوئی۔

تاہم مواقع ضائع کرنا کولمبیا کے لیے اس ٹورنامنٹ میں ایک مسلسل مسئلہ رہا ہے۔ ازبکستان کے خلاف 3-1 کی فتح سے مہم کا آغاز کرنے کے بعد بھی ٹیم نے ہر میچ میں بے شمار مواقع پیدا کیے لیکن انہیں مطلوبہ تعداد میں گولز میں تبدیل کرنے میں ناکام رہی، جو ناک آؤٹ مرحلے میں اس کے لیے ایک بڑا امتحان ثابت ہو سکتا ہے۔